عشرت العباد خان 7

ونگ کمانڈر ذیشان علی نے خلا میں پاکستان کا پرچم بلند کرکے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا، ڈاکٹر عشرت العباد

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)میری پہچان پاکستان (MPP) کے سربراہ اور سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے پاکستان ایئر فورس کے ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کو پاکستان کے پہلے خلا باز کی حیثیت سے تاریخی خلائی مشن میں کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے خلا میں پاکستان کا پرچم بلند کرکے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے اس تاریخی کامیابی پر سپارکو، حکومت پاکستان، افواج پاکستان، بالخصوص پاک فضائیہ، چین کی حکومت اور عوام سمیت مشن میں شریک سائنس دانوں، انجینئرز اور تکنیکی ماہرین کو مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کا چین کے خلائی مشن شین ڑو 24 کے ذریعے خلا میں پہنچنا پاکستان کی تاریخ کا یادگار اور قابلِ فخر لمحہ ہے۔

وہ نہ صرف پاکستان کے پہلے خلا باز بنے بلکہ چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ میں داخل ہونے والے پہلے غیر ملکی خلا باز کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ یہ کامیابی پاکستان کی سائنسی اور تکنیکی صلاحیتوں کے روشن مستقبل کی عکاس ہے۔سابق گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی اب زمین کی سرحدوں سے آگے خلا تک پہنچ گئی ہے۔ چین کے تعاون سے پاکستان نے خلائی تحقیق کے میدان میں نئی تاریخ رقم کی ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعاون، باہمی اعتماد اور دیرینہ دوستی کا عملی مظہر ہے۔انہوں نے سپارکو کے سائنس دانوں، انجینئرز اور تکنیکی ٹیموں کی محنت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مسلسل جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس تاریخی مشن کے دوران پاکستانی خلا باز مختلف سائنسی تجربات میں حصہ لے رہے ہیں، جن میں بائیوٹیکنالوجی، مائیکرو الجی اور خلائی ماحول میں زرعی بیجوں سے متعلق تجربات شامل ہیں۔ ان تحقیقات سے مستقبل میں خوراک، آکسیجن اور خلائی تحقیق کے نئے امکانات پیدا ہو سکتے ہیں۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے افواج پاکستان کی قیادت کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ کے ایک باصلاحیت افسر کا عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنا پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ افواج پاکستان نے ہمیشہ قومی وقار، پیشہ ورانہ مہارت اور اعلیٰ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔

انہوں نے وفاقی حکومت، وزیراعظم پاکستان، سپارکو اور چین کی خلائی ایجنسی کے درمیان تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی کو ملک میں سائنس، ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، خلائی تحقیق اور جدید تعلیم کے فروغ کے لیے نئی بنیاد بنانا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں جدید سائنسی تعلیم، تحقیق، تربیت اور عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ ونگ کمانڈر ذیشان علی کی کامیابی نوجوان نسل کے لیے روشن مثال اور سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھنے کا پیغام ہے۔آخر میں ڈاکٹر عشرت العباد خان نے ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی اور ان کے چینی ساتھی خلا بازوں کے لیے مشن کی کامیابی، صحت و سلامتی اور بحفاظت زمین پر واپسی کی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج پوری پاکستانی قوم فخر سے کہہ سکتی ہے کہ پاکستان کا پرچم خلا میں بھی سربلند ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں