عدالت 5

ہائیکورٹ کا نوابشاہ کے شہری فیصل سکندر ڈہراج کا نام ای سی ایل سے فوری خارج کرنے کا حکم

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائی کورٹ نے نوابشاہ کے رہائشی فیصل سکندر ڈہراج کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے فوری طور پر خارج کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹادی۔

سماعت کے دوران ایف آئی اے، پاسپورٹ اینڈ امیگریشن حکام اور درخواست گزار عدالت میں پیش ہوئے۔ درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کے خلاف جعلی مقدمات درج کیے گئے تھے جن میں وہ بری ہوچکے ہیں، اس کے باوجود انہیں ایئرپورٹ پر ہراساں کیا جاتا ہے۔وکیل نے بتایا کہ فیصل سکندر امریکی شہریت بھی رکھتے ہیں اور ان کی فیملی امریکہ میں مقیم ہے، جہاں ان کے بچے بھی زیر تعلیم ہیں۔ درخواست گزار کو ایک مرتبہ ایئرپورٹ پر 11 گھنٹے تک حبسِ بے جا میں رکھا گیا، جبکہ ای سی ایل میں نام شامل ہونے کے باعث وہ اپنے بچوں سے ملاقات کے لیے امریکہ بھی نہیں جاسکتے۔درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ متعلقہ حکام کو انہیں ایئرپورٹ پر ہراساں کرنے سے روکنے اور ان کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے کا حکم دیا جائے۔

اس موقع پر ایف آئی اے کی جانب سے جواب جمع کرایا گیا، جس میں بتایا گیا کہ فیصل سکندر کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے کے لیے متعلقہ حکام کو سفارش کردی گئی ہے۔جسٹس یوسف علی سعید نے ریمارکس دیے کہ جب متعلقہ حکام خود تسلیم کرچکے ہیں کہ درخواست گزار کا نام ای سی ایل میں رکھنے کی ضرورت نہیں تو پھر انہیں کیوں پریشان کیا جائے گا؟ عدالت نے نام فوری طور پر ای سی ایل سے خارج کرنے کا حکم دیتے ہوئے مزید کہا کہ اگر متعلقہ حکام نے دوبارہ انہیں ہراساں کیا یا ای سی ایل کا بہانہ بنایا تو درخواست گزار توہینِ عدالت کی درخواست دائر کرسکتے ہیں۔عدالت نے فیصل سکندر ڈہراج کا نام فوری طور پر ای سی ایل سے خارج کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹادی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں