ڈیزل 5

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد گڈز ٹرانسپورٹ کرایوں میں بھی 5 فیصد کمی کا اعلان

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے بھی ملک بھر میں مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں 5 فیصد کمی کا اعلان کردیا ہے۔صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ 20 روز کے دوران پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کے پیش نظر گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد کمی کی جارہی ہے۔انہوں نے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا براہِ راست فائدہ عوام تک پہنچتا ہے۔

امید ہے کہ وزیراعظم پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید کمی کرکے عوام کو اضافی ریلیف فراہم کریں گے۔ملک شہزاد اعوان نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ ٹرانسپورٹ سیکٹر پر عائد ٹول ٹیکس، ودہولڈنگ ٹیکس اور دیگر ٹیکسوں میں فوری ریلیف دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دسمبر اور اگست میں ملک گیر ٹرانسپورٹ ہڑتالوں کے دوران حکومتوں کی جانب سے کیے گئے وعدوں پر بھی فوری عمل درآمد کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹ ملکی معیشت، صنعت اور تجارت میں بنیادی اہمیت رکھتی ہے، لہٰذا اس شعبے کو درپیش مسائل حل کرنے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم اور متعلقہ حکومتیں عوام کے ساتھ ٹرانسپورٹ سیکٹر کو بھی مزید ریلیف فراہم کریں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں