محمد جاوید قصوری 5

عوام موجودہ نظام سے بیزار ہوچکے،29 نومبر کا مینارِ پاکستان پر جلسہ عام عوامی ریفرنڈم ثابت ہوگا، جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ 29 نومبر کو مینارِ پاکستان پر ہونے والا جماعت اسلامی کا جلسہ عام عوامی ریفرنڈم ثابت ہوگا، کارکنان میں بھرپور جوش و جذبہ پایا جاتا ہے اور جلسہ عام کو کامیاب بنانے کے لیے شب و روز تیاریاں جاری ہیں، نوجوان ہمارا ہر اول دستہ ہوں گے، جماعت اسلامی نوجوان قیادت کو آگے لائے گی اور ملک میں حقیقی تبدیلی کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں پوری یکسوئی اور عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔

ہماری جدوجہد کا مقصد ملک کو جاگیرداروں، وڈیروں، سرمایہ دارانہ اجارہ داری، کرپٹ مافیا، مراعات یافتہ اشرافیہ اور بیوروکریسی کے غیر ضروری تسلط سے نجات دلانا ہے۔ پاکستان کے نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں، انہیں قومی سیاست اور فیصلہ سازی میں مؤثر نمائندگی اور قیادت کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی دفتر منصورہ میں 29 نومبر کو مینارِ پاکستان پر ہونے والے جلسہ عام کی تیاریوں کے سلسلے میں سوشل میڈیا کے ذمہ داران اور بعد ازاں غزالی ایجوکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ جماعت اسلامی نوجوانوں کو محض جلسوں میں شرکت کرنے والا طبقہ نہیں بلکہ ملک کی تعمیر و ترقی اور مستقبل کی قیادت کا اہم حصہ سمجھتی ہے۔ نوجوانوں کی صلاحیتوں، توانائی اور مثبت سوچ کو بروئے کار لا کر ایک ایسا معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے جہاں میرٹ، انصاف، قانون کی بالادستی اور عوامی حقوق کو بنیادی اہمیت حاصل ہو۔

انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت مہنگائی، بے روزگاری، بدعنوانی، معاشی عدم استحکام اور عام آدمی کو درپیش بے شمار مسائل سے دوچار ہے۔ عوام موجودہ نظام سے متعلق اپنے تحفظات اور توقعات کا اظہار چاہتے ہیں۔ مینارِ پاکستان کا جلسہ عوام کو درپیش مسائل سے نجات دلانے کے لئے سنگ میل ثابت ہوگا ۔انہوں نے سوشل میڈیا ذمہ داران پر زور دیا کہ جلسہ عام کے پیغام کو مؤثر انداز میں عوام تک پہنچائیں، سوشل میڈیا کے تمام دستیاب ذرائع کو مثبت، ذمہ دارانہ اور منظم انداز میں استعمال کریں اور جلسے کے انتظامات و تیاریوں کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے ادا کریں۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں ایک ایسے نظام کے قیام کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی جس میں عام شہری کو انصاف، روزگار، تعلیم اور بنیادی سہولیات میسر ہوں اور اقتدار و وسائل پر چند خاندانوں کی اجارہ داری ختم ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں