کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے سندھ حکومت کے مالی حسابات سے متعلق آڈٹ سال 2025ـ26 کی رپورٹ ایوان میں پیش کیے جانے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں سندھ حکومت کے 35 محکموں سے متعلق 738 ارب روپے سے زائد کے آڈٹ اعتراضات سامنے آنا انتہائی تشویشناک ہے۔
رپورٹ نے صوبائی حکومت کے مالی معاملات، سرکاری اخراجات اور ترقیاتی منصوبوں کی شفافیت سے متعلق کئی اہم سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ رپورٹ کے مطابق محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات سے متعلق آڈٹ اعتراضات 386 ارب روپے سے تجاوز کر گئے ہیں، جبکہ محکمہ صحت کے مالی معاملات میں 140 ارب روپے سے زائد کے اعتراضات سامنے آئے ہیں۔ اسی طرح محکمہ خوراک میں 42 ارب روپے سے زائد اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں 39 ارب روپے سے زائد کے آڈٹ اعتراضات درج کیے گئے ہیں۔ اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں بھی 31 ارب روپے سے زائد کے اعتراضات سامنے آنا سنجیدہ توجہ کا متقاضی ہے۔انہوں نے کہا کہ آڈٹ رپورٹ میں سرکاری خریداریوں، ٹھیکوں، بینک اکاؤنٹس کے انتظام اور سرکاری ریکارڈ کی عدم دستیابی سے متعلق بھی مختلف نوعیت کے اعتراضات درج ہیں۔ سوال یہ ہے کہ ان تمام معاملات کی وضاحت کون دے گا اور عوام کے ٹیکس سے حاصل ہونے والی رقوم کہاں اور کیسے خرچ کی گئیں؟ سرکاری منصوبوں پر اربوں روپے خرچ ہونے کے باوجود ان کی افادیت اور عوام کو حاصل ہونے والے فوائد کا واضح حساب سامنے آنا چاہیے۔
پی ٹی آئی سندھ کے صدر نے مطالبہ کیا کہ آڈٹ رپورٹ میں سامنے آنے والے ہر اعتراض کی شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں، تمام متعلقہ محکموں سے وضاحت طلب کی جائے اور جہاں بے ضابطگیاں ثابت ہوں وہاں ذمہ دار افسران اور متعلقہ افراد کا تعین کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آڈٹ اعتراضات کو محض کاغذی کارروائی سمجھ کر نظرانداز کرنا عوام کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ یہ عوام کے ٹیکس کا پیسہ ہے، ہر محکمے کو اپنے اخراجات، ترقیاتی منصوبوں، خریداریوں اور ادائیگیوں کا مکمل حساب دینا ہوگا۔ سندھ حکومت آڈٹ رپورٹ میں ہر محکمے سے متعلق اعتراضات کا جواب عوام کے سامنے رکھے اور مالی معاملات میں شفافیت یقینی بنائے۔








