گورنر سندھ 7

گورنر سندھ نے شیرپاؤ کالونی میں ہلال پاکستان ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ کا افتتاح کردیا

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ اور ملک کا روشن مستقبل ہیں۔ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی، آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) اور ڈیٹا سائنس کی تعلیم فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ ڈیجیٹل معیشت کے نئے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے لیے نوجوانوں کو جدید شعبوں میں مہارت حاصل کرنا ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیرپاؤ کالونی میں ہلال پاکستان ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔گورنر سندھ نے کہا کہ روایتی تعلیم کے ساتھ فنی مہارتوں کا حصول بھی نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے ناگزیر ہے۔

نوجوانوں کو ہنرمند بنا کر نہ صرف روزگار کے بہتر مواقع فراہم کیے جاسکتے ہیں بلکہ انہیں خود روزگاری اور کاروبار کے ذریعے معاشی طور پر خودمختار بنانے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو لیپ ٹاپ، اسکالرشپس اور کاروبار کے آغاز کے لیے بلاسود قرضے فراہم کیے جارہے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے شروع کی گئی لیپ ٹاپ اسکیم کو بھی وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت مزید وسعت دی جارہی ہے تاکہ نوجوان جدید ٹیکنالوجی سے مستفید ہوکر تعلیم، تحقیق اور عملی زندگی میں آگے بڑھ سکیں۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل معیشت کے بدلتے ہوئے تقاضوں کے پیش نظر نوجوانوں کو آرٹیفیشل انٹیلیجنس، ڈیٹا سائنس اور دیگر جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مہارت حاصل کرنی چاہیے۔ جامعات اور فنی تربیت فراہم کرنے والے اداروں کے درمیان مؤثر روابط قائم کرکے نوجوانوں کے لیے تعلیم، تحقیق اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جاسکتے ہیں۔گورنر سندھ نے ہلال پاکستان ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ کی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ نوجوانوں کو جدید فنی تربیت فراہم کرنے میں بھرپور کردار ادا کرے اور انہیں مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر سکھائے تاکہ وہ عملی زندگی میں کامیابی حاصل کرسکیں۔

اس موقع پر چیئرمین ٹیکنیکل بورڈ مشرف راجپوت نے صنعتی اداروں میں ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹس کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ فنی تعلیم اور عملی تربیت کے فروغ سے نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع میسر آسکتے ہیں۔ ایسے ادارے صنعت اور تعلیمی شعبے کے درمیان روابط مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔تقریب کے دوران گورنر سندھ نے بچوں کی جانب سے پیش کیے گئے خوبصورت ٹیبلو کو سراہا اور ان کی صلاحیتوں کی تعریف کی۔ اس موقع پر انہوں نے وائس چانسلر این ای ڈی یونیورسٹی طفیل جوکھیو اور دیگر معزز مہمانوں کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں