کراچی(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن خواتین اور بچیوں کو ہر قسم کے تشدد سے محفوظ رکھنے اور ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے عالمی عزم کی تجدید کا دن ہے۔ خواتین پر تشدد نہ صرف ان کی انفرادی زندگی بلکہ صحت، خاندانی نظام اور معاشرتی ترقی کو بھی شدید نقصان پہنچاتا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کاروکاری کے نام پر خواتین کا قتل ایک سنگین جرم اور ناقابل قبول عمل ہے، اسی طرح خواتین کو پیسوں کے عوض فروخت کرنا بنیادی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی تنازعات میں خواتین کو نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت ہے اور ایسے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔مراد علی شاہ نے واضح کیا کہ جرگوں کے فیصلوں کی بنیاد پر خواتین کو قتل کرنے، تشدد کا نشانہ بنانے یا ان کے بنیادی حقوق سلب کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی۔ قانون سے بالاتر ہوکر کیے جانے والے ایسے اقدامات ناقابل برداشت ہیں اور خواتین کے تحفظ کے لیے ریاستی اداروں کو اپنا کردار مؤثر انداز میں ادا کرنا ہوگا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حکومت سندھ خواتین کو تشدد اور استحصال سے بچانے کے لیے مختلف اقدامات کررہی ہے۔ اس سلسلے میں خواتین کے لیے شکایتی مراکز اور دارالامان قائم ہیں، جہاں متاثرہ خواتین کو تحفظ، قانونی معاونت اور مشاورت کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ ترقیِ خواتین کی ہیلپ لائن 1094 تشدد کا شکار خواتین کی مدد اور ان کی شکایات کے ازالے کے لیے فعال ہے۔ خواتین اس سہولت کے ذریعے اپنی شکایات درج کراسکتی ہیں اور متعلقہ اداروں سے مدد حاصل کرسکتی ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ خواتین پر تشدد اور ان کے خلاف جرائم کے واقعات پر فوری کارروائی یقینی بنائی جائے اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔مراد علی شاہ نے عوام پر زور دیا کہ خواتین کے خلاف تشدد کے واقعات کو خاموشی سے برداشت کرنے کے بجائے رپورٹ کریں اور متاثرہ خواتین کو تنہا نہ چھوڑیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے احترام، تحفظ، مساوی حقوق اور باوقار زندگی کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کو حکومت کے ساتھ مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔








