سندھ ہائی کورٹ 7

ریٹائرڈ اسسٹنٹ پروفیسر کی پنشن اور واجبات کی عدم ادائیگی، سندھ ہائیکورٹ نے فریقین سے جواب طلب کرلیا

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے وفاقی اردو یونیورسٹی کے ریٹائرڈ اسسٹنٹ پروفیسر کی پنشن اور دیگر ریٹائرمنٹ واجبات کی عدم ادائیگی کے خلاف دائر آئینی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جنوری کے پہلے ہفتے میں جواب طلب کرلیا ہے۔درخواست گزار محمد ضیاء الدین نے اپنی آئینی درخواست میں وفاقی وزارتِ تعلیم، وفاقی اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور رجسٹرار کو فریق بنایا ہے۔

درخواست کے مطابق محمد ضیاء الدین کو 26 مئی 1990 کو وفاقی اردو یونیورسٹی میں اسسٹنٹ پروفیسر مقرر کیا گیا تھا، جبکہ 30 ستمبر 2022 کو انہیں قائم مقام وائس چانسلر کی ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں۔درخواست گزار کے وکیل اسد اللہ بلو ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ قائم مقام وائس چانسلر کے دور میں سلیکشن بورڈ کے اجلاس منعقد ہوئے، جن میں متعدد ملازمین کی ترقیوں، اعلیٰ عہدوں پر تقرریوں اور مستقلی سے متعلق سفارشات کی گئیں۔ ان کے مطابق درخواست گزار جنوری 2025 میں ملازمت سے ریٹائر ہوگئے، تاہم ایف آئی اے کی انکوائری کے باعث اب تک انہیں پنشن اور دیگر ریٹائرمنٹ واجبات ادا نہیں کیے گئے۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ محض کسی الزام یا انکوائری کی بنیاد پر کسی ریٹائرڈ ملازم کی پنشن اور ریٹائرمنٹ واجبات روکنا سپریم کورٹ کے طے کردہ اصولوں کے منافی ہے۔

درخواست گزار کے مطابق پنشن اور ریٹائرمنٹ واجبات ملازم کا قانونی حق ہیں اور ان کی ادائیگی بلاجواز روکی نہیں جاسکتی۔آئینی درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ پنشن اور دیگر ریٹائرمنٹ واجبات کی عدم ادائیگی کے اقدام کو غیر قانونی قرار دیا جائے اور درخواست گزار کو تمام واجبات بمعہ سود فوری ادا کرنے کا حکم دیا جائے۔عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جنوری کے پہلے ہفتے میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں