کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سابق گورنر سندھ اور نشانِ امتیاز ڈاکٹر عشرت العباد خان، روحِ رواں میری پہچان پاکستان (MPP) نے وفاقی اور سندھ حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی فنڈز سے شروع کیے گئے اہم عوامی منصوبوں، بالخصوص لانڈھی میڈیکل کالج 36ـB اور کوہسار میڈیکل کالج حیدرآباد کو فوری طور پر مکمل کرکے فعال بنایا جائے اور ان میں تدریسی سرگرمیوں کا آغاز کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی اور سندھ کے عوام کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں اور مسلسل محرومیوں کا خاتمہ ناگزیر ہے، جبکہ نئے انتظامی یونٹس اور صوبوں کے قیام کا فیصلہ عوامی خواہشات کے مطابق ریفرنڈم کے ذریعے کیا جانا چاہیے۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے سوال اٹھایا کہ وفاقی فنڈز سے تعمیر اور شروع کیے گئے تعلیمی و طبی منصوبے آخر کب مکمل ہوں گے اور انہیں فعال بنانے میں کون سی رکاوٹ حائل ہے؟ ان منصوبوں کے لیے وسائل مختص کیے گئے، عوام کو امیدیں دلائی گئیں، لیکن عملی طور پر انہیں فعال نہ کرنا افسوسناک اور قابلِ تشویش ہے۔انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ نہال ہاشمی نے میری پہچان پاکستان کے وفد کو ان منصوبوں کی بحالی اور تکمیل کے حوالے سے یقین دہانی کرائی تھی، تاہم افسوس کہ ہمارے شروع کیے گئے عوامی فلاحی منصوبے بھی سرخ فیتے، حکومتی عدم توجہی اور انتظامی رکاوٹوں کی نذر ہوگئے۔ کراچی اور سندھ کے عوام کو ان کے جائز حقوق اور بنیادی سہولیات سے مزید کتنی دیر محروم رکھا جائے گا؟سابق گورنر سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت نے ان منصوبوں کو نظرانداز کیا، لیکن وفاقی حکومت بھی اپنی ذمہ داری سے بری الذمہ نہیں ہوسکتی۔
جب یہ منصوبے وفاقی وسائل سے شروع کیے گئے تھے تو ان کی تکمیل اور فعالیت یقینی بنانا بھی وفاق کی ذمہ داری ہے۔ گورنر سندھ کا منصب محض سرکاری تقریبات میں شرکت اور مراعات تک محدود نہیں، بلکہ صوبے کے عوام کے مسائل حل کرنا، وفاق اور صوبے کے درمیان رابطوں کو مضبوط بنانا اور عوامی فلاحی منصوبوں کی نگرانی بھی اس منصب کی اہم ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے میری پہچان پاکستان کے کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھرپور تیاری کریں، کیونکہ ان کا کردار ملک کی سیاسی، سماجی اور انتظامی تاریخ میں تبدیلی کا سبب بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے ان ثابت قدم، مخلص اور نظریاتی ساتھیوں کو سلامِ تحسین پیش کرتا ہوں جو مشکل حالات کے باوجود عوامی خدمت اور پاکستان کے استحکام کے لیے میدانِ عمل میں موجود ہیں۔انہوں نے خصوصی طور پر نہال احمد صدیقی، فاروق ملک، محمد پنہیار پنھیار، سیف یار خان، سلیم سہروردی، آصف قدوس، محمد رضوان خان، عامر بانواز، نعیم استعفٰی نمک والا، سہیل خان اور عزیر شاہ سمیت تمام مرکزی و صوبائی ذمہ داران اور تنظیمی کارکنان کی خدمات کو سراہا۔
اسی طرح ایڈوائزری کونسل کے اراکین میجر (ر) سید اظہر فخرالدین اور پروفیسر عمر فاروق سمیت ملک بھر کی آرگنائزنگ کمیٹیوں، تنظیمی عہدیداران اور کارکنان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان ساتھیوں کی جدوجہد میری پہچان پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی سے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت پاکستان کے ہر صوبے اور مختلف علاقوں میں ہمارے ساتھی عوامی رابطوں، تنظیم سازی، خدمت اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ سیدہ فردوس، کیپٹن ڈاکٹر صفیہ وسیم گوندل اور دیگر خواتین و مرد کارکنان میری پہچان پاکستان کا فخر اور تنظیم کی اصل طاقت ہیں۔ ان کی خدمات قابلِ قدر ہیں اور آنے والے وقت میں یہ ساتھی ملک بھر میں اہم اور مؤثر کردار ادا کریں گے۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ مسلسل محرومیوں، ناانصافیوں، احساسِ عدم تحفظ اور انتظامی مسائل نے عوام کو اپنے مستقبل کے بارے میں فیصلہ کرنے کے حق کا مطالبہ کرنے پر مجبور کردیا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ عوام کی آواز سنی جائے اور انتظامی یونٹس و نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ عوامی خواہشات اور جمہوری اصولوں کے مطابق کیا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ عوامی ریفرنڈم ہی عوام کی حقیقی رائے جاننے کا جمہوری راستہ ہے۔ اس کے ذریعے عوام سے ان کی رائے حاصل کی جائے اور نتائج کی روشنی میں انتظامی یونٹس اور نئے صوبوں کے قیام کے لیے آئینی و قانونی طریقہ کار اختیار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی اصلاحات کا مقصد کسی زبان، قومیت یا علاقے کو تقسیم کرنا نہیں، بلکہ عوام کو بہتر حکمرانی، فوری انصاف، روزگار، تعلیم، صحت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہونا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ کراچی سمیت سندھ کے شہری اور دیہی علاقوں میں انتظامی مسائل اور وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم نے عوامی بے چینی میں اضافہ کیا ہے۔ بڑے شہروں کی آبادی، ضروریات اور انتظامی مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے بااختیار انتظامی ڈھانچہ تشکیل دینا ناگزیر ہوچکا ہے۔ اختیارات نچلی سطح تک منتقل کیے بغیر بہتر طرزِ حکمرانی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے کراچی سے متعلق بیان پر افسوس اور حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلافات کو نفرت، دھمکیوں اور محاذ آرائی میں تبدیل نہیں کرنا چاہیے۔
سیاسی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوامی جذبات کا احترام کرے، قومی یکجہتی کو فروغ دے اور مسائل کا حل مکالمے اور جمہوری عمل کے ذریعے تلاش کرے۔انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبے ایک دوسرے کے مخالف نہیں بلکہ پاکستان کے استحکام کی علامت ہیں۔ دونوں حکومتوں کو باہمی تعاون کے ذریعے عوامی مسائل حل کرنے چاہئیں۔ اگر وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوامی مطالبات، آئینی حقوق اور انتظامی اصلاحات کو مسلسل نظرانداز کریں گی تو عوام اپنی آواز بلند کرنے کے لیے جمہوری اور آئینی فورمز سے رجوع کرنے کا حق رکھتے ہیں۔سابق گورنر سندھ نے مزید کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی مرکز اور قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس شہر کے امن، ترقی، سرمایہ کاری، روزگار اور شہری حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔ کراچی کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر مسائل کا حل تلاش کیا جائے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں اور متعلقہ حکام کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا تقاضا ہے کہ عوامی ریفرنڈم کے مطالبے کو سنا جائے، عوامی رائے کا احترام کیا جائے اور اس کے مطابق آئینی طریقہ کار کے تحت انتظامی اصلاحات اور نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی راہ ہموار کی جائے۔ عوامی مینڈیٹ کو نظرانداز کرنے کے بجائے اس کا احترام کرنا ہی حقیقی جمہوری رویہ ہے۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے واضح کیا کہ میری پہچان پاکستان نفرت اور لسانی تقسیم کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی۔ ہمارا نعرہ ”پہلے ریاست، بعد میں سیاست” ہے۔ پاکستان اور اس کے تمام ادارے قومی استحکام کے لیے لازم و ملزوم ہیں۔ ہماری جدوجہد پاکستان کی مضبوطی، عوامی حقوق، میرٹ، مساوی مواقع، بہتر حکمرانی اور قومی یکجہتی کے لیے ہے۔
سابق گورنر سندھ نے اعلان کیا کہ وہ پاکستان بھر میں میری پہچان پاکستان کے مختلف پروگراموں، تنظیمی اجتماعات اور عوامی رابطہ مہمات سے آن لائن خطاب کے ذریعے کارکنان کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم کا پیغام کراچی سے خیبر، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور ملک کے ہر حصے تک پہنچایا جائے گا۔آخر میں ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ عوامی محرومیوں کا ازالہ کیا جائے، بند اور نامکمل منصوبوں کو فعال بنایا جائے، نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں اور عوام کو اپنے مستقبل کے فیصلوں میں حقیقی اختیار دیا جائے۔ میری پہچان پاکستان کے کارکنان متحد، منظم اور ثابت قدم رہیں، کیونکہ ان کی محنت اور جدوجہد ایک نئے پاکستان، مضبوط وفاق اور بااختیار عوام کی بنیاد بن سکتی ہے۔









