ہائیکورٹ 6

مولانا فضل الرحمن کو نظر بند کیا ہے تو وجوہات بتانا ہوں گی، لاہور ہائیکورٹ کا سی سی پی او کو نوٹس

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر سی سی پی او لاہور کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

جسٹس علی ضیاء باجوہ نے مقامی وکیل ابرار حسین کی درخواست پر سماعت کی۔ جس میں آئی جی پنجاب ،ڈپٹی کمشنر لاہور اور سی سی پی او لاہور سمیت دیگر پولیس افسران کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سربراہ جے یو آئی کی رہائش گاہ کے اطراف 3ہزار پولیس اہلکار تعینات کر کے انہیں گھر کے اندر محبوس کر دیا گیا ہے، جبکہ پولیس کی جانب سے کسی بھی قسم کی ملاقات کی اجازت بھی نہیں دی جا رہی۔درخواست گزار کا کہنا تھا کہ پولیس حکام سے فضل الرحمان کی نظربندی یا حراست سے متعلق قانونی حکم نامہ طلب کیا گیا تاہم تاحال کوئی قانونی دستاویز پیش نہیں کی گئی۔

درخواست میں عدالتِ عالیہ سے استدعا کی گئی ہے کہ فضل الرحمان کی رہائش گاہ کا غیر قانونی پولیس محاصرہ فوری طور پر ختم کرنے کا حکم دیا جائے۔سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دئیے کہ اگر نظر بندی ہوئی ہے تو معاملہ گھمبیر نوعیت کا ہے، جس نے بھی غیر قانونی اقدام کیا ہے اسکو اسکا خمیازہ بھگتنا ہوگا، مولانا کو اگر نظر بند کیا ہے تو وجوہات دینی ہوں گی۔عدالت نے کارروائی آج بروز جمعرات تک ملتوی کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے جواب طلب کر لیا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں