اسلام آبا د(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ منشیات سے متعلق قوانین اور عالمی پالیسی فریم ورک پر سائنسی شواہد، انسانی حقوق اور صحتِ عامہ کی بنیاد پر نظرثانی ضروری ہے، افغانستان سے ملحقہ سرحد اور علاقائی اسمگلنگ کے چیلنجز کے باعث پاکستان کو منشیات کے خلاف اقدامات میں مخصوص مشکلات درپیش ہیں۔جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے سوئٹزرلینڈ کی سابق صدر اور گلوبل کمیشن آن ڈرگ پالیسی کی بانی رکن محترمہ روتھ ڈریفس نے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان کی منشیات سے متعلق قانون سازی، بین الاقوامی ڈرگ کنٹرول پالیسی، انسانی حقوق کے تحفظ اور فوجداری نظامِ انصاف میں اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ افغانستان سے ملحقہ سرحد اور خطے میں منشیات کی اسمگلنگ کے چیلنجز کے باعث پاکستان کو منشیات کے خلاف اقدامات میں مخصوص مشکلات کا سامنا ہے۔ مؤثر قانون سازی کے لیے قانونی دفعات کے ساتھ ان کے عملی اطلاق، عدالتی فیصلوں اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے زور دیا کہ منشیات سے متعلق قوانین اور عالمی پالیسی فریم ورک کا جائزہ سائنسی شواہد، صحتِ عامہ، انسانی حقوق اور جرائم کی نوعیت و شدت کی بنیاد پر لیا جانا چاہیے۔
محترمہ روتھ ڈریفس نے پاکستان میں منشیات پالیسی کے حوالے سے پارلیمنٹ، حکومتی اداروں اور متعلقہ فریقوں کے درمیان جاری مکالمے کو مثبت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی شمال، خصوصاً یورپ اور شمالی امریکہ میں تشکیل پانے والی منشیات پالیسیوں کے اثرات دیگر خطوں پر بھی مرتب ہوئے ہیں، جن کا ازسرِنو جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ملاقات میں 1988 کے اقوام متحدہ کے کنونشن اور پاکستان کے کنٹرول آف نارکوٹک سبسٹینسز ایکٹ 1997 کے قانونی و تاریخی پس منظر پر بھی گفتگو ہوئی۔دونوں جانب سے اتفاق کیا گیا کہ منشیات کے جرائم میں ملوث منظم اسمگلنگ نیٹ ورکس کے سرکردہ عناصر اور ایسے کمزور افراد، خصوصاً خواتین، جنہیں منشیات کی ترسیل کے لیے استعمال یا استحصال کا نشانہ بنایا جاتا ہے، کے معاملات میں فرق ملحوظ رکھنا ضروری ہے۔ملاقات میں ہر مقدمے میں ملزم کے کردار، ممکنہ جبر، معاشی مجبوری اور مجرمانہ نیت کا انفرادی جائزہ لینے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔








