اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)صدرمملکت آصف علی زرداری نے بوسنیا ہرزیگووینا کے یوم ریاست کے موقع پر اس کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ان کے ساتھ اس تاریخی دن کی خوشیوں میں شریک ہے۔بدھ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم” ایکس” پر پیغام میں صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان نے 1992 میں بوسنیا کی آزادی کو تسلیم کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ جنگ کے دوران اس وقت کی وزیراعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور انہوں نے بوسنیا کے عوام کی آزادی کی حمایت کی اور بوسنیا کے مہاجرین کا خیرمقدم کیا۔ صدرمملکت نے پاکستان اور بوسنیا ہرزیگووینا کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سیاسی، سفارتی، دفاعی، تعلیمی اور ثقافتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔








