محمد جاوید قصوری 10

سرکاری رہائش گاہوں کی تزئین و آرائش پر اربوں روپے خرچ کرنا قابل مذمت ہے ، جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی غربت، مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی بدحالی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، لیکن حکمران طبقے کی ترجیحات آج بھی عوامی مسائل کے حل کے بجائے اپنی آسائشوں اور سرکاری رہائش گاہوں کی تزئین و آرائش تک محدود ہیں، 669 سرکاری رہائش گاہوں کی تزئین و آرائش پر اربوں روپے خرچ کرنے کی خبر حکمرانوں کی شاہ خرچیوں اور عوام سے لاتعلقی کا منہ بولتا ثبوت ہے، ایک طرف غریب خاندان اپنے بچوں کے لیے دو وقت کی روٹی، علاج معالجے اور تعلیم کے اخراجات پورے کرنے سے قاصر ہیں، دوسری جانب قومی خزانے سے سرکاری رہائش گاہوں کی آرائش و زیبائش پر خطیر رقوم خرچ کی جا رہی ہیں، یہ طرز حکمرانی قوم کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔ مہنگائی نے متوسط طبقے کی قوت خرید ختم کر دی ہے جبکہ سفید پوش طبقہ بھی بنیادی ضروریات زندگی پوری کرنے کے لیے مشکلات کا شکار ہے۔ بجلی اور گیس کے بھاری بل، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، اشیائے خورونوش کی گرانی اور روزگار کے محدود مواقع نے عوام کو شدید ذہنی اور معاشی دباؤ میں مبتلا کر رکھا ہے۔ لاکھوں خاندان اپنے بچوں کی تعلیمی ضروریات پوری نہیں کر پا رہے جبکہ سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولیات بھی عوام کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ حکمرانوں کو یہ سمجھنا ہوگا کہ سرکاری خزانہ کسی فرد، خاندان یا حکمران طبقے کی ذاتی جاگیر نہیں بلکہ یہ 25 کروڑ عوام کی امانت ہے۔

قومی وسائل کا اولین حق غریب، مزدور، کسان، تنخواہ دار طبقے اور محروم عوام کا ہے۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ غیر ضروری اخراجات ختم کرے اور قومی وسائل کو تعلیم، صحت، روزگار، صاف پانی اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر خرچ کرے۔ سرکاری رہائش گاہوں کی تزئین و آرائش پر خطیر رقوم خرچ کرنے کے بجائے یہی پیسہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے پر لگایا جانا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکمرانوں کو اپنی شاہ خرچیوں اور مراعات میں کمی لا کر عملی طور پر کفایت شعاری اختیار کرنا ہوگی۔ محض عوام کو قربانیوں کے مشورے دینا کافی نہیں، حکمران طبقے کو بھی اپنے طرز زندگی میں تبدیلی لانا ہوگی۔

جب تک حکمران اشرافیہ اپنی مراعات اور غیر ضروری اخراجات کم نہیں کرے گی، ملک میں معاشی انصاف اور حقیقی تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔امیر جماعت اسلامی پنجاب نے مطالبہ کیا کہ سرکاری رہائش گاہوں کی تزئین و آرائش پر خرچ ہونے والی رقوم کی مکمل تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں، ان اخراجات کا شفاف آڈٹ کرایا جائے اور قومی خزانے کے استعمال میں جوابدہی کا مؤثر نظام قائم کیا جائے۔ عوام کو ریلیف دینا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، حکمرانوں کی آسائشیں نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں