محمد برجیس 29

25 نومبر پاکستان کی تاریخ کا اہم سنگ میل، خلائی ٹیکنالوجی میں پیش رفت قومی فخر ہے، برجیس طاہر

سانگلہ ہل(رپورٹنگ آن لائن )پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی نائب صدر، سابق گورنر اور سابق وفاقی وزیر چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ 25نومبر پاکستان کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت اختیار کر گیا ہے،پاک چین دوستی اور باہمی اشتراک سے خلائی ٹیکنالوجی کے میدان میں ہونے والی تاریخی پیش رفت نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے، پاکستان نے دنیا کو اپنی سائنسی اور تکنیکی صلاحیتوں کا بھرپور احساس دلایا ہے، ایٹمی دھماکوں سے لے کر خلائی ٹیکنالوجی کے میدان میں پیش رفت تک میاں محمد نواز شریف کا کردار ملکی تاریخ میں نمایاں اور ناقابلِ فراموش ہے،آج پاکستان اعتماد، خودداری اور ترقی کے نئے عزم کے ساتھ دنیا کے سامنے کھڑا ہے۔

چوہدری محمد برجیس طاہر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا لیڈر میاں محمد نواز شریف ہے اور ان سے محبت کرنے والوں کو کسی سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف ان کی صاحبزادی ہیں اور ہماری دعائیں ہمیشہ ان کے ساتھ ہیں۔ آج پاکستان اور چین کی لازوال دوستی نے ایک مرتبہ پھر دنیا کو مثبت پیغام دیا ہے۔ خلائی ٹیکنالوجی کے میدان میں یہ پیش رفت محض ایک مشن کی کامیابی نہیں بلکہ 25کروڑ پاکستانی عوام کے لیے باعثِ فخر لمحہ اور آنے والی نسلوں کے لیے امید، حوصلے اور ترقی کی روشن علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ 28مئی 1998 کو ایٹمی دھماکوں کا فیصلہ میاں محمد نواز شریف کی قومی خودمختاری اور غیر متزلزل عزم کا تاریخی ثبوت ہے۔ عالمی دبا اور پانچ ارب ڈالر کی مبینہ پیشکش کے باوجود انہوں نے پاکستان کے دفاع اور قومی وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا اور ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کو دنیا کی ایٹمی طاقتوں کی صف میں شامل کر دیا۔ آج پاک چین تعاون سے خلائی ٹیکنالوجی کے میدان میں ہونے والی پیش رفت کو بھی پاکستان کی ترقی، خوداعتمادی اور جدید ٹیکنالوجی میں آگے بڑھنے کے قومی سفر کا اہم باب قرار دیا جا سکتا ہے۔چوہدری برجیس طاہر نے 10مئی کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس دن پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیتوں اور قومی عزم کا بھرپور اظہار کیا، جس سے پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہوا۔ 28مئی، 10مئی اور 25نومبر جیسے دن ہماری قومی تاریخ میں خصوصی اہمیت رکھتے ہیں۔ یہ ایام اس حقیقت کی یاد دہانی کراتے ہیں کہ پاکستان نے ہر مشکل مرحلے پر اپنے عزم، صلاحیت اور قومی یکجہتی سے تاریخ رقم کی ہے۔

انہوں نے قومی ہیروز ذوالفقار علی بھٹو اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھ کر ملک کو ایٹمی طاقت بنانے کا عزم کیا، جبکہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے اپنی سائنسی صلاحیتوں اور تاریخی خدمات سے اس قومی خواب کو حقیقت میں بدلنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ذوالفقار علی بھٹو کے یہ تاریخی الفاظ کہ ہم گھاس کھا لیں گے لیکن ایٹمی طاقت ضرور بنیں گے، آج بھی قومی عزم اور خودمختاری کی علامت ہیں۔ قوم اپنے ان محسنوں کی خدمات ہمیشہ یاد رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف نے پانچ ارب ڈالر کی مبینہ پیشکش مسترد کرکے ایٹمی دھماکوں کا فیصلہ کیا اور ثابت کیا کہ قومی سلامتی، خودمختاری اور ملکی وقار کسی مالی پیشکش سے زیادہ اہم ہیں۔ افسوس کہ قومی تاریخ میں اہم فیصلے کرنے والی قیادت کو بعدازاں سخت سیاسی اور عدالتی حالات کا سامنا کرنا پڑا۔ ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی کی سزا دی گئی، جبکہ میاں محمد نواز شریف کو پاناما کیس میں اپنے بیٹے کی کمپنی سے قابلِ وصول نہ ہونے والی تنخواہ ظاہر نہ کرنے کے معاملے پر نااہلی اور سزا کا سامنا کرنا پڑا۔

چوہدری محمد برجیس طاہر نے مزید کہا کہ پاکستان آج دفاع، سائنس اور جدید ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا اظہار کر رہا ہے۔ وزیراعظم میاں شہباز شریف، میاں محمد نواز شریف کی سیاسی قیادت اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں ملک ترقی، استحکام اور دفاعی خودمختاری کی جانب آگے بڑھ رہا ہے۔ پاک چین دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے اور دونوں ممالک کا باہمی تعاون نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے اور عالمی سطح پر بھی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کو اپنے قومی ہیروز کی قربانیوں، قیادت کے تاریخی فیصلوں اور موجودہ کامیابیوں پر فخر ہے۔ 25نومبر کی خلائی پیش رفت اس عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ پاکستان مستقبل کی جدید ٹیکنالوجی میں بھی اپنا نمایاں مقام حاصل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ پاک چین دوستی، قومی اتحاد اور مضبوط سیاسی و دفاعی عزم کے ساتھ پاکستان ترقی کی نئی منزلیں طے کرتا رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں