ڈاکٹر عشرت العباد خان 5

ڈاکٹر عشرت العباد خان کا ابو جی سرکار کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) سابق گورنر سندھ، نشانِ امتیاز اور میری پہچان پاکستان (ایم پی پی) کے روحِ رواں ڈاکٹر عشرت العباد خان نے ممتاز روحانی و مذہبی شخصیت حضرت قبلہ سید شرف الدین علی بخاری المعروف ابو جی سرکار کے انتقال پر دلی رنج و غم اور گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اپنے تعزیتی بیان میں ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ حضرت ابو جی سرکار کا وصال نہ صرف ان کے اہلِ خانہ، مریدین، عقیدت مندوں اور متعلقین بلکہ تمام روحانی حلقوں کے لیے ایک عظیم سانحہ اور ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ مرحوم ایک قابلِ احترام روحانی شخصیت تھے، جن سے وابستہ افراد کے دلوں میں عقیدت، محبت اور احترام کا گہرا رشتہ قائم تھا۔انہوں نے کہا کہ بعض شخصیات اپنی زندگی میں اپنے کردار، روحانی نسبت، شفقت، محبت اور اخلاقی اقدار کے ذریعے لوگوں کے دلوں میں ایسا مقام حاصل کرلیتی ہیں جو ان کے دنیا سے رخصت ہونے کے بعد بھی ہمیشہ قائم رہتا ہے۔ حضرت ابو جی سرکار? کی یادیں، ان سے وابستہ عقیدت اور ان کی شخصیت کا روحانی اثر ان کے چاہنے والوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گا۔

ڈاکٹر عشرت العباد خان نے سوگوار خاندان، مریدین، عقیدت مندوں اور تمام چاہنے والوں سے دلی تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اس دکھ کی گھڑی میں ان کی تمام تر ہمدردیاں مرحوم کے اہلِ خانہ اور عقیدت مندوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور تمام سوگواران کو یہ عظیم صدمہ صبر و حوصلے کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق دے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں