کراچی (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کم عمری، جبری اور قبل از وقت شادیوں کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کم عمری اور جبری شادیاں بچوں کے بنیادی حقوق اور مساوی مواقع کی نفی ہیں، اس نقصان دہ روایت کے خاتمے کے لیے قومی سطح پر مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔انہوں نے کہا کہ بچوں کا بچپن، تعلیم اور مستقبل غربت، فرسودہ روایات اور سماجی دباؤ کی بھینٹ نہیں چڑھنے چاہئیں۔
پیپلز پارٹی نے ہمیشہ بچوں، بالخصوص بچیوں کے حقوق، تعلیم اور خودمختاری کے تحفظ کو اپنی ترقی پسند سیاست کا محور بنایا ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے 2013 میں تاریخی قانون سازی کرتے ہوئے لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے شادی کی کم از کم عمر 18 سال مقرر کی۔ سندھ چائلڈ میرجز ریسٹرینٹ ایکٹ 2013 کے تحت کم عمری کی شادی کی خلاف ورزی کو قابلِ سزا جرم قرار دیا گیا۔انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ کم عمری کی شادیوں کی روک تھام کے لیے قانون پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
تعلیم کے فروغ اور سماجی شعور کی بیداری کے ذریعے اس نقصان دہ روایت کا خاتمہ ضروری ہے۔پیپلز پارٹی چیئرمین نے کہا کہ ہر بچے کو ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنا ایک منصفانہ معاشرے کی بنیاد ہے۔ پیپلز پارٹی ہر بچے کے محفوظ بچپن اور ہر بچی کے بااختیار مستقبل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔









