بلاول بھٹو زرداری 31

بلوچستان میں 12 دہشت گردوں کی ہلاکت، بلاول بھٹو زرداری کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 12 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی اداروں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں سیکیورٹی فورسز کے غیرمتزلزل عزم، پیشہ ورانہ مہارت اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ان کی کاوشوں کا ثبوت ہیں۔

ملکی سلامتی اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جبکہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ قومی عزم ہے۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا خاتمہ ناگزیر ہے اور اس مقصد کے لیے مؤثر اقدامات جاری رہنے چاہئیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قومی اتحاد، یکجہتی اور مؤثر حکمت عملی امن و استحکام کی ضمانت ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے نیٹ ورکس اور ان کے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ ضروری ہے تاکہ ملک میں پائیدار امن قائم کیا جاسکے۔

بلاول بھٹو زرداری نے دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں سیکیورٹی فورسز کی خدمات اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں