لاہور( رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے اصلاحات کی علامت بن رہی ہے اوروزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں جدیدیت اور عوامی خدمت کا نیا باب رقم ہو رہا ہے۔
ایکس پر جاری اپنے بیان میں وفاقی وزیر حنیف عباسی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی بصیرت افروز قیادت میں پاکستان ریلوے اصلاحات، جدت اور بہتر سروس ڈیلیوری کی علامت بن کر ابھر رہی ہے۔ کارکردگی، شفافیت اور عوامی فلاح پر غیر متزل عزم نے ریلوے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی راہ ہموار کی ہے تاکہ ہر پاکستانی کو اس کا فائدہ پہنچے۔حنیف عباسی وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی بھرپور حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلی پنجاب کی ستھرا پنجاب مہم کے تحت پنجاب بھر کے ریلوے اسٹیشنوں پر صفائی اور مسافروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے نئے معیار قائم کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعلی پنجاب کے تعاون سے پنجاب کے 8 مصروف ترین ریلوے کوریڈورز کو جدید ملٹیپل یونٹس کے ذریعے بحال کیا جا رہا ہے۔
117 ریلوے پھاٹکوں پر عملے کی تعیناتی سے نہ صرف آپریشنل کارکردگی بہتر ہوئی ہے بلکہ مسافروں کی سہولت میں اضافہ اور قیمتی جانوں کا تحفظ بھی ممکن ہوا ہے۔انہوںنے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کا تاریخی ریلوے اسٹیشنوں ٹیکسلا، راولپنڈی، بھیرہ اور لاہور کی بحالی اور تحفظ کا عزم بھی قابل تحسین ہے۔اس اقدام کا مقصد پاکستان کے بھرپور ریلوے ورثے کو محفوظ رکھتے ہوئے اسے ایک جدید اور ڈیجیٹل مستقبل سے ہم آہنگ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم مل کر پاکستان ریلوے کو جدید بنانے، قومی رابطوں کو مضبوط کرنے، معاشی ترقی میں معاونت کرنے اور ہر پاکستانی کو محفوظ، موثر، سستی اور باوقار ریل سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے کوشاں رہیں گے۔









