لاہور(رپورٹنگ آن لائن )وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ شیخوپورہ کے گلستان تھیٹر میں دورانِ ڈرامہ اسٹیج اداکارہ پر تشدد کے واقعے میں ملوث ملزم راجہ زین کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے ملزم کی تصویر بھی جاری کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کی مکمل تفتیش جاری ہے اور قانون کے مطابق اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔عظمی بخاری نے کہا کہ اگرچہ ملزم نے قبل از گرفتاری ضمانت حاصل کر رکھی ہے تاہم اس کی ضمانت منسوخ کرانے کے لیے قانونی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ اسے قانون کے مطابق سزا دی جا سکے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ تھیٹرز میں فنکاروں، بالخصوص خواتین اداکاراں، کو محفوظ ماحول فراہم کرنا تھیٹر مالکان کی ذمہ داری ہے۔ ایسے افسوسناک واقعات کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں اور حکومت خواتین کی عزت، وقار اور تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔









