مراد علی شاہ 9

عالمی یومِ سیاحت،سندھ تہذیب، تاریخ، ثقافت اور قدرتی حسن کا منفرد امتزاج ہے، وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی یومِ سیاحت کے موقع پر دنیا بھر کے سیاحوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ قدرتی حسن، قدیم تہذیب، شاندار تاریخی ورثے، صوفی روایات، لوک ثقافت اور مہمان نوازی کا حسین امتزاج ہے، جسے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے لیے ایک پرکشش اور محفوظ سیاحتی منزل بنانے کے لیے سندھ حکومت پرعزم ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے سی ایم ہائوس سے جاری اپنے پیغام میں کہا کہ سندھ کی سرزمین دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں میں سے ایک ہے اور وادی سندھ کی عظمت کی امین ہے۔ موہن جو دڑو سندھ کی ہزاروں سال پر محیط تہذیبی عظمت اور انسانی تاریخ کا ایک روشن باب ہے، جبکہ رنی کوٹ کی عظیم فصیل، جسے دیوار سندھ بھی کہا جاتا ہے، سندھ کے تاریخی ورثے کی شان ہے۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں قدیم آثار، تاریخی عمارات، پہاڑ، صحرا، جھیلیں،دریائے سندھ ،ساحلی علاقے اور سمندر سیاحت کے وسیع امکانات رکھتے ہیں۔ گورکھ ہل کے دلکش پہاڑی مناظر سندھ کے قدرتی حسن کا منفرد شاہکار ہیں، جبکہ خیرپور کا تاریخی فیض محل صوبے کے شاندار فنِ تعمیر اور ثقافتی ورثے کی خوبصورت مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ سادھ بیلو، شاہ جو مینارو اور سکھر بیراج بھی سندھ کے تاریخی و ثقافتی حسن کا اہم حصہ ہیں۔ اسی طرح کیرتھر پہاڑی سلسلہ، کارونجھر کے پہاڑ، تھر کا ریگستان اور اچھڑو تھر سندھ کے منفرد قدرتی حسن اور صحرائی ثقافت کی نمایاں پہچان ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ منچھر جھیل، کینجھر جھیل اور ہالیجی جھیل قدرتی حسن کے ساتھ ساتھ سیاحتی سرگرمیوں کے لیے بھی اہم مقامات ہیں۔ بھمبھور اور کیٹی بندر سندھ کی قدیم تہذیب، تاریخ اور تجارتی ورثے کی اہم علامتیں ہیں، جبکہ سندھ کی ساحلی پٹی اور سمندری جزائر میں بھی سیاحت کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ منوڑو، بنڈل، بدو، شمس پیر، بابا، بھٹ اور آسٹر راکس سمیت سندھ کے سمندری جزائر سمندری سیاحت کیلئے قابلِ ذکر مواقع فراہم کرتے ہیں۔

اور کراچی سے کیٹی بندر خاص طور پر سی ویو اور ہماری وسیع ساحلی پٹی سمندری اور تفریحی سیاحت کے حوالے سے غیر معمولی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے تاریخی ورثے کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ مکلی کا تاریخی قبرستان اور چوکنڈی کے قدیم مقبرے سندھ کی عظیم تاریخ، فنِ تعمیر اور ثقافتی ورثے کی بھرپور عکاسی کرتے ہیں۔ سندھ میں صحراں سے پہاڑوں، جھیلوں سے ساحلوں اور قدیم آثار سے تاریخی عمارات تک سیاحوں کے لیے بے شمار مقامات موجود ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ موہن جو دڑو، رنی کوٹ، گورکھ ہل، فیض محل، کارونجھر، کینجھر، منچھر، تھر، مکلی اور چوکنڈی سندھ کے قیمتی اثاثے ہیں،سندھ کی سیاحت محض خوبصورت مقامات کا سفر نہیں بلکہ ہزاروں سال پر محیط تہذیب، تاریخ، ثقافت اور روایات سے جڑنے کا نام ہے۔ سید مراد علی شاہ کے مطابق سندھ کی صوفی روایت، لوک ثقافت، دستکاری، موسیقی اور مہمان نوازی صوبے کے سیاحتی تشخص کو منفرد بناتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کا فروغ نہ صرف سندھ کے تاریخی اور ثقافتی ورثے کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کا ذریعہ بن سکتا ہے بلکہ مقامی معیشت کو مضبوط بنانے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ نوجوانوں اور مقامی آبادی کو سیاحت سے جوڑنا معاشی ترقی کا اہم ذریعہ ہے۔

مقامی افراد کو سیاحتی سرگرمیوں میں شامل کرکے روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع پیدا کیے جاسکتے ہیں، جبکہ سیاحتی مقامات کی ترقی سے مقامی معیشت کو بھی فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ جدید دور میں ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور مصنوعی ذہانت سے استفادہ کرتے ہوئے سندھ کے سیاحتی مقامات کو دنیا بھر میں موثر انداز سے اجاگر کیا جاسکتا ہے۔ جدید ذرائع ابلاغ کے ذریعے سندھ کے تاریخی، ثقافتی اور قدرتی مقامات کی عالمی سطح پر تشہیر سے غیر ملکی سیاحوں کو صوبے کی جانب متوجہ کیا جاسکتا ہے۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ عالمی یومِ سیاحت ہمیں تاریخی ورثے کے تحفظ، قدرتی حسن کی حفاظت اور پائیدار سیاحت کے فروغ کا پیغام دیتا ہے۔

سندھ حکومت تاریخی مقامات کے تحفظ اور سیاحوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ امن، محبت، صوفی روایت، ثقافتی تنوع اور مہمان نوازی کی سرزمین ہے اور ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے لیے تاریخ، تہذیب، ثقافت اور قدرتی حسن کا منفرد امتزاج پیش کرتا ہے۔ انہوں نے دنیا بھر کے سیاحوں کو سندھ آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ موہن جو دڑو سے رنی کوٹ اور گورکھ ہل سے کارونجھر تک سندھ کا حسن دیکھا جاسکتا ہے، جبکہ تھر سے کینجھر اور کیٹی بندر سے کراچی کے ساحل تک سیاحوں کے لیے منفرد تجربات اور دلکش مناظر موجود ہیں۔ سید مراد علی شاہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سندھ کو ایک پرکشش، محفوظ اور عالمی معیار کی سیاحتی منزل بنانے کے لیے حکومت اپنی کوششیں جاری رکھے گی اور تاریخی مقامات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ سیاحوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی پر بھی توجہ دی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں