نہال ہاشمی 9

سیاحت معاشی ترقی اور ثقافتی ہم آہنگی کا موثر ذریعہ ہے، گورنر سندھ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے عالمی یومِ سیاحت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سیاحت ثقافتوں کو قریب لانے، بین الاقوامی ہم آہنگی کو فروغ دینے اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ تاریخی، ثقافتی اور قدرتی حسن سے مالا مال خطہ ہے، جہاں سیاحت کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ساحلی پٹی پر سمندری سیاحت کے فروغ سے نہ صرف سیاحوں کو منفرد تفریحی مواقع میسر آ سکتے ہیں بلکہ مقامی معیشت کو بھی خاطر خواہ تقویت حاصل ہو سکتی ہے۔سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ حکومت سیاحتی مقامات کی بہتری، تحفظ اور فروغ کے لیے مزید اقدامات کر رہی ہے، جبکہ ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو محفوظ ماحول اور بہتر سہولیات کی فراہمی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ موہنجو داڑو، ٹھٹھہ، مکلی، رنی کوٹ قلعہ اور دیگر تاریخی مقامات ہماری قومی شناخت اور ثقافتی ورثے کی نمائندگی کرتے ہیں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ سیاحت کے فروغ سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوتے ہیں اور نوجوان نسل کو ملکی تاریخ، ورثے اور ثقافت سے آگاہی حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان میں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں جنہیں دنیا کے سامنے موثر انداز میں اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عالمی یومِ سیاحت ہمیں اپنے سیاحتی وسائل کے تحفظ، ترقی اور مثر استعمال کا پیغام دیتا ہے، تاکہ سیاحت کے شعبے کو قومی ترقی کے لیے مزید فعال بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں