کراچی(رپورٹنگ آن لائن)صوبائی وزیر ثقافت، سیاحت و نوادرات سندھ سید ذوالفقار علی شاہ نے یومِ الحاقِ پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کشمیر اور پاکستان کا رشتہ صدیوں پرانے ثقافتی، تاریخی اور روایتی تعلقات پر قائم ہے۔انہوں نے کہا کہ 19 جولائی کو کشمیری عوام نے اپنے تہذیبی اور تمدنی تشخص کو پاکستان کے ساتھ وابستہ کرنے کا تاریخی فیصلہ کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیری عوام پر ظلم و جبر کے ذریعے ان کی مسلم شناخت، ثقافت اور تاریخی ورثے کو ختم نہیں کر سکتا۔سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ محکمہ ثقافت سندھ کشمیری عوام کے فن، ادب اور تاریخی جدوجہد کو اجاگر کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وادی سندھ اور کشمیر کے تاریخی تعلقات ہمیشہ مضبوط رہے ہیں اور وہ وقت ضرور آئے گا جب کشمیری عوام آزادی کی فضا میں اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں گے۔









