مریم نواز شریف 23

جنرل ہسپتال: 12 ماہ کے دوران ایمرجنسی اور او پی ڈی میں 25 لاکھ سے زائد مریضوں کا علاج

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ”صحت سب کے لیے” اور ”مریض سب سے مقدم” کے تحت لاہور جنرل ہسپتال نے گزشتہ مالی سال کے دوران مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جس کے دوران ایمرجنسی اور او پی ڈی میں مجموعی طور پر 25 لاکھ سے زائد مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی گئیں۔

پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے اکیڈمک کونسل اور انتظامی ڈاکٹرز کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا اولین مقصد ہر مریض کو بغیر کسی تاخیر کے معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا ہے اور موثر کوآرڈینیشن اور مریض دوست پالیسیوں کی بدولت ہی ہسپتال کے تمام شعبوں میں نمایاں بہتری آئی۔

انہوں نے ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈیکل سٹاف سمیت ہیلتھ کیئر ٹیم کی پیشہ ورانہ مہارت اور دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبے کو دل سے سراہا۔اجلاس کے دوران میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے ہسپتال کے تشخیصی اور علاج معالجے کے شعبوں کی سالانہ بریفنگ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 12 ماہ کے دوران ہسپتال میں مختلف نوعیت کے 1 لاکھ 16 ہزار 473 آپریشنز اور ساڑھے 24 لاکھ سے زائد لیب ٹیسٹ کیے گئے جبکہ 74234 مریضوں کو داخل کر کے علاج کیا گیا۔

ریڈیالوجی اور دیگر تشخیصی شعبوں نے بھی بہترین خدمات سرانجام دیں جن کے اعدادوشمار کے مطابق ہسپتال میں 3 لاکھ 14 ہزار 31 ایکس رے، 1 لاکھ 35 ہزار 342 الٹرا ساؤنڈ، 92 ہزار 641 ای سی جی، 76 ہزار 531 سی ٹی سکین، 19 ہزار 144 ای آر آئی، 18 ہزار 203 ڈائیلاسز اور 6 ہزار 746 گیسٹرو پروسیجر کیے گئے۔

پرنسپل پروفیسر فاروق افضل اور ایم ایس پروفیسر فریاد حسین نے مزید کہا کہ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی فعال رہنمائی اور ‘پرو ایکٹو مینجمنٹ’ کے تحت دستیاب وسائل کا بہترین استعمال ممکن بنایا گیا ہے جس سے ہسپتال کی کارکردگی میں اضافہ ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ مخیر حضرات کے تعاون سے مریضوں اور ان کے تیمارداروں کے لیے روزانہ ناشتے اور کھانے کی سہولت فراہم کر رہے ہیں، جس سے غریب خاندانوں پر مالی بوجھ کم ہوا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہسپتال میں طبی خدمات کے معیار کو مزید بلند کرنے اور مریضوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کا یہ سفر مستقبل میں بھی مربوط انداز میں جاری رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں