ایچ آئی وی 12

ملک بھر میں بچوں میں ایچ آئی وی کے پھیلاؤ پر تشویش

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)ملک بھر میں ایڈز سے متاثرہ بچوں کے اعداد و شمار سامنے آگئے، جن کے مطابق سندھ میں سب سے زیادہ 3 ہزار 900 بچے ایچ آئی وی سے متاثر ہیں، جبکہ پنجاب دوسرے نمبر پر ہے جہاں متاثرہ بچوں کی تعداد ایک ہزار 765 بتائی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا میں 139، بلوچستان میں 46 اور اسلام آباد میں 30 بچے ایچ آئی وی سے متاثر ہیں، جبکہ آزاد کشمیر میں 4 اور گلگت بلتستان میں ایک متاثرہ بچے کی نشاندہی کی گئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں متاثرہ بچوں کی تعداد دیگر تمام علاقوں کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ ہے، جس پر بچوں میں ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کی روک تھام اور علاج کی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے خصوصی توجہ کی ضرورت اجاگر ہوتی ہے۔رپورٹ کے مطابق ستمبر 2026ء کی جائزہ رپورٹ میں ملک بھر میں ایچ آئی وی کے مریضوں کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 17 ہزار 214 بتائی گئی ہے۔

ان میں سے 92 ہزار 148 مریض رجسٹرڈ ہیں، جبکہ 67 ہزار 878 افراد اینٹی ریٹرو وائرل تھراپی (اے آر ٹی) حاصل کر رہے ہیں۔رپورٹ میں پیش کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق سندھ بچوں میں ایچ آئی وی کے رپورٹ شدہ کیسز کے حوالے سے ملک میں سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں