خواجہ آصف 14

اسمبلی میں مولانا سے ملاقات ہوئی تو محسوس ہوا مجھ میں تھوڑا دم خم ہے،خواجہ آصف

سیالکوٹ (رپورٹنگ آن لائن)وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ کبھی کبھی سوچتا ہوں کہ تھک گیا ہوں تاہم پرسوں مولانا سے اسمبلی میں ملاقات ہوئی تو محسوس ہوا کہ مجھ میں تھوڑ ادم خم ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ 1991 میں سیاست میں قدم رکھا، 36 سال سے ملک کی خدمت کر رہا ہوں، سیالکوٹ شہر میری پہچان ہے، اس کے عوام کی بہتری میری ذمے داری ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ سیاسی زندگی میں بہت سے نشیب و فراز دیکھے، مشرف دور میں اٹک قلعے پر قید رہا، 4 دفعہ جیل کاٹی، 2020 میں پی ٹی آئی کے دور میں نیب کی قید میں 6 ماہ رہا، مجھے قید کرنے والے یہ بھی نہ بتا سکے کہ میرے خلاف چارج کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی حکومتیں جب کسی کو پکڑنا چاہتی ہیں تو پہلے پکڑتی ہیں پھر سوچتی ہیں کہ چارج کیا لگانا ہے، انتقامی سیاست کبھی بھی ملک کے مفاد میں نہیں۔وزیرِ دفاع نے کہا کہ ہم نے خود سے 5 گنا بڑے دشمن کو شکست دی، جنگیں پہلی بھی ہوئیں لیکن کوئی نہ کوئی ابہام رہ جاتا تھا، یہ پہلی جنگ تھی بھارت کے ساتھ جس میں کوئی ابہام نہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت نے خود تسلیم کیا، اس کی فوج نے تسلیم کیا، یہ پاکستان کے لیے بہت بڑا اعزاز ہے، افواجِ پاکستان کئی سال سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہیں۔

مسلم لیگ (ن )کے رہنما نے کہا کہ میں نے اسمبلی میں کہا کہ اپنا نصاب درست کریں، ایک دلچسپ بات بتاتا ہوں، کوئی تعلیم کی وزارت نہیں لیتا، کہتے ہیں اس میں کیا رکھا ہے اس میں ٹور ٹپہ نہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ پڑھے لکھے اور ہنر مند نوجوان ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں، وقت کے ساتھ ساتھ تعلیمی شعبے میں ارتقا ہوا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں