سرمایہ کاری 8

پاکستان اور سنگاپور میں تجارت، سرمایہ کاری اور تعلیمی تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان اور سنگاپور کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور تعلیمی تعاون بڑھانے پر اتفاق رائے طے پا گیا.سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالا کرشنن نے اسحاق ڈار کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مشرق وسطی کی کشیدگی میں قابل تعریف کردار ادا کررہا ہے، میں اس کردار پر پاکستان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سنگاپور کے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے خوشی ہورہی ہے، مسلسل دو طرفہ سیاسی مشاورت پر اتفاق ہوا ہے، پاکستان ان پہلے ممالک میں شامل تھا جس نے سنگاپور کو تسلیم کیا، یہ سنگاپور کے کسی بھی وزیر خارجہ کا دو دہائیوں میں پہلا دورہ ہے۔

اسحاق ڈار نے بتایا کہ ملاقات کے دوران خطے سمیت عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، مسلسل دو طرفہ سیاسی مشاورت پر اتفاق ہوا ہے، سنگاپور میں پاکستانی ہائی کمشن میں ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کا دفتر دوبارہ کھولا گیا ہے۔سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین نے کہا کہ میں ایک چھوٹے سے جزیرے کے ملک سے ہوں، پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے جہاں پہاڑ اور سبزہ ہے، وزیر اعظم شہباز شریف نے دورہ سنگاپور کی دعوت قبول کر لی۔

وزیر خارجہ سنگاپور نے بتایا کہ این ڈی ایم اے کے ساتھ ہمارا ایک اہم او یو ہوا، قدرتی آفات کو قابو کرنے میں مل کر کام کرنے سے ہی آگے بڑھ سکتے ہیں، ایم او یو کے تحت ارلی وارننگ سسٹم اور دیگر شعبوں میں کام کرینگے۔دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آج وزارتِ خارجہ میں جمہوریہ سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن سے خوشگوار ماحول میں ملاقات کی۔

دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور سنگاپور کے درمیان دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کا جائزہ لیا، جبکہ دونوں ممالک سفارتی تعلقات کے قیام کی 60ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔دونوں رہنماؤں نے اعلیٰ سطح کے مسلسل تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا اور تجارت، سرمایہ کاری، روابط کے فروغ اور ہنرمندی کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا۔

اس کے علاوہ کاروباری اداروں کے درمیان روابط اور عوامی سطح پر تعلقات کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا، ملاقات میں کثیرالجہتی فورمز پر تعاون اور آسیان (ASEAN) کے ساتھ پاکستان کے بڑھتے ہوئے روابط پر بھی گفتگو ہوئی۔علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلۂ خیال کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے تنازعات کے حل اور پائیدار امن و استحکام کے فروغ کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں