حنیف عباسی 10

پاکستان ریلوے نے ٹکٹوں کی بکنگ کے نظام کو ڈیجیٹلائز کر دیا ہے، وزیرر یلوے

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے قومی اسمبلی کوبتایاگیاہے کہ پاکستان ریلوے نے ٹکٹوں کی بکنگ کے نظام کو ڈیجیٹلائز کر دیا ہے، پشاور سے چلنے والی عوام ایکسپریس کو 2 نومبر اور خیبر میل کو جنوری کے آخر تک جدید ٹرینوں کے معیار پر اپ گریڈ کرکے چلایا جائے گا۔

جمعہ کوقومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران عالیہ کامران اوردیگراراکین کے سوالوں کے جواب میں وفاقی وزیربرائے ریلوے حنیف عباسی نے ایوان کوبتایاکہ پاکستان ریلوے نے ٹکٹوں کی بکنگ کے نظام کو ڈیجیٹلائز کر دیا ہے اور مسافروں کو ٹکٹ کے حصول کے لیے بکنگ آفس جانے کی ضرورت نہیں، وہ رابطہ ایپ کے ذریعے اپنے موبائل فون سے ٹکٹ بک کروا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے نے اپنے 236 بکنگ مراکز میں 329 پوائنٹ آف سیل مشینیں نصب کی ہیں، جن کے ذریعے مسافر مختلف بینکوں، ایزی پیسہ، جاز کیش اور کیو آر کوڈ کے ذریعے ٹکٹوں کی ادائیگی کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے ڈیجیٹلائزیشن کے شعبے میں ترقی یافتہ ممالک کے ریلوے نظام کے ہم پلہ ہونے کی کوشش کر رہا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کوئٹہ میں چلائی جانے والی ٹرین کی مسافروں میں مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس کی نشستوں کی گنجائش کے مقابلے میں مسافروں کی تعداد 190 فیصد تک ریکارڈ کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پشاور سے چلنے والی عوام ایکسپریس کو 2 نومبر سے جدید معیار کے مطابق چلایا جائے گا جبکہ ہزارہ ایکسپریس اور خیبر میل کو بھی اپ گریڈ کیا جا رہا ہے، خیبر میل کو جنوری کے آخر تک جدید معیار پر منتقل کر دیا جائے گا۔ حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان ریلوے پورے ملک کا مشترکہ اثاثہ ہے اور اس کی ترقی میں صوبوں کے درمیان کوئی تفریق نہیں کی جائیگی، ریل کا نظام ملک کے تمام حصوں کو آپس میں جوڑتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ شالیمار اور دیگر نجی انتظام کے تحت چلنے والی ٹرینوں کے سٹاپ کا فیصلہ ان کی انتظامیہ تجارتی بنیادوں پر کرتی ہے، تاہم پنو عاقل کینٹ ریلوے سٹیشن کو پاکستان ریلوے کے فنڈز سے اپ گریڈ کیا جائے گا۔ انہوں نے رکن قومی اسمبلی کو یقین دہانی کرائی کہ وہ اس سٹیشن کی بہتری کے لیے خصوصی اقدامات کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں