مراد علی شاہ 29

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا یومِ الحاقِ پاکستان پر کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یومِ الحاقِ پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 19 جولائی 1947 کشمیری عوام کی تاریخی امنگوں، حقِ خودارادیت اور پاکستان سے گہری وابستگی کے اظہار کا یادگار دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ الحاقِ پاکستان کشمیری عوام کی پاکستان سے نظریاتی، تاریخی اور جذباتی وابستگی کا واضح مظہر ہے۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ کشمیری عوام نے تاریخی قرارداد کے ذریعے پاکستان کے ساتھ اپنے رشتے کا اظہار کیا اور یہ فیصلہ برصغیر کی تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں، تاہم ظلم، جبر اور ریاستی تشدد کے باوجود ان کے عزم، حوصلے اور آزادی کی خواہش میں کوئی کمزوری نہیں آئی۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کشمیریوں کی پاکستان سے غیر متزلزل وابستگی تاریخ کا روشن باب ہے، جبکہ یومِ الحاقِ پاکستان ہمیں پاکستان اور کشمیر کے درمیان تاریخی، ثقافتی، مذہبی اور جذباتی رشتوں کی یاد دلاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی دراصل امن، انصاف، انسانی وقار اور بنیادی انسانی حقوق کے حصول کی جدوجہد ہے، جسے پوری دنیا میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اور حکومتِ سندھ کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور حکومتِ سندھ کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری عوام کے جائز اور قانونی حقوق کے حصول تک پاکستان ان کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔

وزیراعلی سندھ نے مزید کہا کہ یومِ الحاقِ پاکستان حق، انصاف، آزادی اور استقامت کا پیغام دیتا ہے، جبکہ کشمیری عوام کی عظیم قربانیاں، ثابت قدمی اور حوصلہ پوری امتِ مسلمہ کے لیے باعثِ فخر اور قابلِ احترام ہیں۔اپنے پیغام کے اختتام پر وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے دعا کی کہ اللہ تعالی کشمیری عوام کو امن، آزادی، خوشحالی اور حقِ خودارادیت کی نعمت سے جلد سرفراز فرمائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں