لاہور (رپورٹنگ آن لائن)لاہور ہائیکورٹ نے مبینہ مغویہ کی عدم بازیابی کے کیس میں ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کو آج بروز جمعہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ عدالت نے انہیں حکم دیا کہ وہ مغویہ کو خود عدالت میں پیش کریں۔ لاہور پولیس کو اس کے لیے 24گھنٹے کی مہلت دی گئی ہے۔جسٹس شہرام سرور چوہدری نے شہری مرزا محمد علی بیگ کی درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار نے مغویہ کی بازیابی کے لیے ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل خواجہ محسن عباس پیش ہوئے۔سماعت کے دوران جسٹس شہرام سرور چوہدری نے استفسار کیا کہ ایس ایچ او کہاں ہیں؟،۔ وکیل نے بتایا کہ ایس ایچ او رائے ونڈ راستے میں ہیں۔ اس پر جسٹس شہرام سرور چوہدری شدید برہم ہو گئے اور ریمارکس دیے کہ یہ مذاق ہے، عدالتوں کو مذاق بنا رکھا ہے۔عدالت نے ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کو کل ذاتی حیثیت میں پیش ہونے اور مبینہ مغویہ کو خود پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 13نومبر تک ملتوی کر دی۔









