کراچی (رپورٹنگ آن لائن) سندھ ہائی کورٹ میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے سب انسپکٹر کی جانب سے خاتون کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران این سی سی آئی اے حکام اور درخواست گزار خاتون کے وکلا پیش ہوئے، جبکہ ادارے کی جانب سے جواب بھی جمع کرادیا گیا۔درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر عطا حسین نے مؤقف اختیار کیا کہ این سی سی آئی اے کے سب انسپکٹر چوہدری عمران اللہ نے خاتون کو نوٹس جاری کیا، جس میں نہ انکوائری نمبر درج تھا اور نہ ہی شکایت کنندہ کا نام موجود تھا۔وکیل نے الزام عائد کیا کہ سب انسپکٹر نے درخواست گزار خاتون کو پیغام بھیجا کہ رات کو کلب میں ملاقات کریں، تاہم ملاقات سے انکار کے بعد انہیں نوٹس جاری کردیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عدالت کی جانب سے انکوائری کا حکم دیے جانے پر ایک فرضی شکایت کنندہ سامنے لایا گیا۔این سی سی آئی اے حکام نے عدالت کو بتایا کہ زرک خان نامی شہری نے شکایت درج کرائی تھی، جس کی بنیاد پر خاتون کو نوٹس جاری کیا گیا۔ شکایت کنندہ کا مؤقف ہے کہ خاتون سوشل میڈیا پر انہیں فالو کرتی ہیں اور رقم کا مطالبہ کرتی ہیں۔عدالت نے استفسار کیا کہ سب انسپکٹر کے خلاف الزامات کی انکوائری کے حوالے سے کیا پیش رفت ہوئی ہے؟ اس پر این سی سی آئی اے حکام نے بتایا کہ معاملے پر محکمانہ کارروائی جاری ہے۔درخواست گزار کے مطمئن ہونے پر عدالت نے درخواست نمٹا دی۔









