عدالت 8

قاضی ہاؤس میں مبینہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف درخواست پر سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ محفوظ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) سندھ ہائی کورٹ نے ثقافتی ورثہ قرار دی گئی تاریخی عمارت قاضی ہاؤس میں مبینہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف درخواست پر دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ موہٹہ پیلس سے متصل تاریخی قاضی ہاؤس میں تعمیراتی کام جاری ہے، جبکہ یہ عمارت بھی قومی ورثے کی حیثیت رکھتی ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ اس معاملے پر محکمہ ثقافت و ورثہ نے فیصلہ کرنا ہے۔ اس پر درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ محکمہ ثقافت پہلے ہی اس حوالے سے فیصلہ کرچکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ثقافتی ورثہ قرار دی گئی قاضی ہاؤس کی عمارت رہائشی مقاصد کے لیے لیز پر دی گئی ہے۔وکیل درخواست گزار کے مطابق کراچی بلڈنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ریگولیشنز کے تحت زمین کے استعمال میں تبدیلی کے لیے مجاز اتھارٹی سے منظوری لینا ضروری ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ نئی تعمیرات سے موہٹہ پیلس اور دیگر تاریخی عمارتوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ موہٹہ پیلس گیلری ٹرسٹ کی شکایت پر محکمہ ثقافت نے قاضی ہاؤس میں کھدائی کا کام رکوا دیا تھا۔ بعدازاں شوکاز نوٹس جاری کرکے معاملہ تکنیکی کمیٹی کو بھیجا گیا، جس نے ورثہ قوانین پر عمل درآمد اور عمارت کے اسٹرکچرل جائزے کے بعد شرائط کے ساتھ محدود تعمیرات کی اجازت دی۔سرکاری وکیل نے مزید کہا کہ زمین کے استعمال میں تبدیلی اور تعمیراتی منظوری کے معاملات سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) اور ریونیو حکام کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں۔واضح رہے کہ قاضی ہاؤس میں نئی تعمیرات کے خلاف اطراف کے رہائشیوں نے بھی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں