احسن اقبال 4

اسلام آباد کے تعلیمی نظام کو ملک بھر کے لیے مثالی بنانا چاہتے ہیں، احسن اقبال

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر اسلام آباد کے تعلیمی نظام کو اس معیار پر استوار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ وہ پورے پاکستان کے لیے ایک مثالی نمونہ بنے اور دیگر صوبے بھی اس سے رہنمائی حاصل کر سکیں۔

آئی سی ٹی ایجوکیشن ریفارمز کے تحت گولڑہ گرلز اسکول میں اساتذہ اور تعلیمی عملے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ دور علم کے انقلاب کا دور ہے، جہاں قوموں کی ترقی کا فیصلہ جسمانی قوت کے بجائے ذہنی صلاحیت، تخلیقی سوچ اور علم کی بنیاد پر ہوگا۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کا نظام میں اصلاحات کا مقصد کسی کو نکالنا نہیں بلکہ اسے اعلیٰ معیار، بہتر کارکردگی اور مؤثر نتائج کا حامل ہائی پرفارمنس نظام بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح ملک بھر میں یکساں نظامِ تعلیم فراہم کرنا ہے تاکہ تمام بچوں کو معیاری تعلیم کے یکساں مواقع میسر آ سکیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ کسی بھی بچے کی ذہنی نشوونما کے لیے ابتدائی پانچ سے سات سال انتہائی اہم ہوتے ہیں،ذہانت اور تخلیقی صلاحیتیں محض معلومات فراہم کرنے سے پیدا نہیں ہوتیں بلکہ گھر، اسکول اور معاشرتی ماحول میں مسلسل تربیت، مشاہدے اور سیکھنے کے عمل سے پروان چڑھتی ہیں۔

اسی لیے تعلیمی اصلاحات کو ابتدائی تعلیم سے لے کر کالج اور یونیورسٹی تک پوری تعلیمی ویلیو چین کا احاطہ کرنا ہوگا۔احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کا روایتی نظام تعلیم نوآبادیاتی دور کی سوچ کا عکاس رہا ہے، جس میں سوال کرنے، آزادانہ سوچنے اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے بجائے رٹنے اور محدود نوعیت کی مہارتوں پر زور دیا گیا۔ اب وقت آگیا ہے کہ تعلیم سے غلامانہ سوچ کا خاتمہ کرکے آزاد، خوداعتماد اور تخلیقی ذہن تیار کیے جائیں جو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ آنے والے دور میں رٹا نہیں بلکہ تنقیدی سوچ، تخلیقی صلاحیت، اجتماعی قابلیت اور مسائل حل کرنے کی مہارت کامیابی کی بنیاد بنیں گی۔ استاد کا کردار محض نصاب پڑھانے اور امتحانی نتائج حاصل کرنے تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اسے بچوں کی ذہنی صلاحیتوں کو نکھارنے، مطالعے کی عادت، مشاہدے اور تجرباتی تعلیم کو فروغ دینے کے ساتھ سوال کرنے کی حوصلہ افزائی بھی کرنی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ سوال کرنا سیکھنے اور علم حاصل کرنے کے عمل کی بنیاد ہے، لیکن ہمارے معاشرے میں بچوں کے سوالات کی حوصلہ افزائی کے بجائے اکثر ان کی حوصلہ شکنی کی جاتی ہے۔

ہمیں ایسا تعلیمی ماحول تشکیل دینا ہوگا جہاں بچے بلاخوف سوال کرسکیں، اساتذہ ان کے سوالات کے جوابات دینے کے لیے خود کو تیار رکھیں اور کلاس روم حقیقی سیکھنے اور تحقیق کا مرکز بنے۔احسن اقبال نے کہا کہ قرآن کریم انسان کو کائنات میں غوروفکر، مشاہدے اور تخلیق کے مقاصد تلاش کرنے کی دعوت دیتا ہے۔ ہمیں اپنی تعلیمی پالیسی اور تدریسی عمل میں بھی تحقیق، تجسس اور تفکر کی اسی روایت کو فروغ دینا ہوگا۔ پاکستان کو محض دوسروں کے علم سے استفادہ کرنے والی قوم نہیں بلکہ علم تخلیق کرنے والی قوم بنانا ہوگا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ تعلیم کا مقصد صرف ڈگری حاصل کرنا نہیں بلکہ انسان میں زندگی بھر سیکھنے، تحقیق کرنے اور اپنے علم میں مسلسل اضافہ کرنے کی جستجو پیدا کرنا ہے۔

ہمیں مستقبل کے ایسے اذہان تیار کرنے ہیں جو تحقیق، تخلیقی سوچ اور مسلسل سیکھنے کی صلاحیت سے لیس ہوں۔انہوں نے واضح کیا کہ اسلام آباد کے تعلیمی نظام میں اصلاحات کا مقصد محض انتظامی تبدیلیاں نہیں بلکہ تدریسی عمل اور سیکھنے کے معیار میں بنیادی تبدیلی لانا ہے۔ اسی مقصد کے تحت پالیسی سازوں کو دفاتر تک محدود رکھنے کے بجائے اسکولوں کا دورہ کرکے زمینی حقائق، سیکٹر اور نان سیکٹر اسکولوں کے مسائل اور اساتذہ کے تجربات کو براہ راست سمجھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔وفاقی وزیر نے اساتذہ اور تعلیمی عملے سے تجاویز اور سفارشات طلب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی عملی آرائ اصلاحاتی عمل کو حقیقت پسندانہ اور مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں