کراچی (رپورٹنگ آن لائن) میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر کے مختلف ٹاؤنز میں سڑکوں، نکاسی آب اور بنیادی انفرا اسٹرکچر کی بہتری کے لیے ترقیاتی کام جاری ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چنیسر ٹاؤن میں سڑک کی بہتری اور بحالی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر کیا۔مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ چنیسر ٹاؤن میں 301.433 ملین روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے، جن میں مریم مسجد، جناح روڈ پر سڑک اور نالے کی بحالی بھی شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ والڈروف روڈ کی بہتری کے لیے 4 لاکھ 26 ہزار مربع فٹ رقبے پر اسفالٹ کیا جائے گا، جبکہ ٹاؤن کی مختلف سڑکوں پر 3 لاکھ 95 ہزار مربع فٹ رقبے پر پیور بلاکس لگائے جائیں گے۔میئر کراچی کے مطابق مختلف سڑکوں پر 27 ہزار 200 رننگ فٹ کرب اسٹون ایج بلاکس نصب کیے جائیں گے، جبکہ نکاسی آب کا نظام بہتر بنانے کے لیے ایک ہزار 150 رننگ فٹ آر سی سی سیوریج پائپ بھی بچھائے جائیں گے۔









