سندھ ہائی کورٹ 11

پولیس اہلکار کا نام کریمنل ریکارڈ سے خارج نہ کرنے کے خلاف درخواست، آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائی کورٹ میں پولیس اہلکار سلمان احمد کا نام کریمنل ریکارڈ میں شامل ہونے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے آئی جی سندھ سے 14 دسمبر کو رپورٹ طلب کرلی۔درخواست گزار کے وکیل اسد اللہ بلو ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ سلمان احمد نے تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد 2022ء میں محکمہ پولیس میں بھرتی حاصل کی تھی، تاہم ان کا نام کریمنل ریکارڈ آفس میں موجود ہونے کے باعث تاحال تقرر نامہ جاری نہیں کیا گیا۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار کے خلاف درج مقدمہ سی کلاس ہوچکا ہے، اس کے باوجود کریمنل ریکارڈ سے ان کا نام خارج نہیں کیا گیا۔ درخواست گزار کسی مجرمانہ سرگرمی میں ملوث نہیں اور محض کریمنل ریکارڈ میں نام موجود ہونے کی بنیاد پر اسے ملازمت سے محروم نہیں رکھا جاسکتا۔عدالت نے فریقین کے مؤقف کے تناظر میں آئی جی سندھ سے 14 دسمبر کو رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں