ا سلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائیاں قومی سلامتی کے عزم کی عکاس ہیں۔قومی اسمبلی کے ڈائریکٹوریٹ جنرل میڈیا سے جاری بیان کے مطابق سپیکر نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائیاں کرکے دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنائے،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں قابلِ ستائش ہیں۔
سپیکر نے کہا کہ بلوچستان میں امن و استحکام کے قیام کے لیے سکیورٹی اداروں کی قربانیاں اور خدمات ناقابل فراموش ہیں،فتنہ الہندوستان اور بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کا مکمل خاتمہ قومی سلامتی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے امن، سلامتی اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،پوری قوم دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔








