لاہور (رپورٹنگ آن لائن) پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج، پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر محمد فاروق افضل مدتِ ملازمت مکمل ہونے پر ریٹائر ہوگئے ان کی پیشہ ورانہ زندگی کا اہم باب طبی تعلیم، مریضوں کی خدمت، تحقیق اور ادارے کی مضبوطی کے لیے عملی اقدامات سے عبارت رہا دورانِ تعیناتی انہوں نے میڈیکل ایجوکیشن کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے، طلبہ کی علمی و عملی تربیت اور ریسرچ کلچر کے فروغ پر خصوصی توجہ دی لاہور جنرل ہسپتال میں مریض دوست اقدامات اور مخیر حضرات کے تعاون سے متعدد فلاحی منصوبے مکمل کیے گئے، جن سے مستحق افراد مستفید ہو رہے ہیں .
ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے پرنسپل پروفیسر فاروق افضل کے اعزاز میں پروقار ظہرانہ دیا جس میں انتظامی ڈاکٹرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ظہرانے میں گفتگو کرتے ہوئے ایم ایس پروفیسر فریاد حسین کا کہنا تھا کہ میڈیکل ٹیچر معاشرے کا حسن ہیں اور رہیں گے جبکہ پروفیسر فاروق افضل کی انتظامی و کلینیکل پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے آئندہ بھی بھرپور استفادہ کیا جائے گا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر فاروق افضل نے کہا کہ ادارے کی کامیابیاں پوری ٹیم کی مشترکہ کاوشوں کا ثمر ہیں .
ریٹائرمنٹ کے موقع پر اکیڈمک کونسل کے ممبران، ہیلتھ پروفیشنلز اور ہسپتال انتظامیہ نے پروفیسر فاروق افضل کو بطور پرنسپل تعیناتی کے دوران انتھک محنت، پیشہ وارانہ لگن، ریسرچ ورک اور جنرل ہسپتال کو مریض دوست ہسپتال بنانے کی گراں قدر خدمات پر خراجِ تحسین پیش کیا، تحائف دیے اور ان کی صحت و درازیِ عمر کی دعائیں کیں۔پروفیسر فاروق افضل کاکہنا تھا کہ فیکلٹی ممبران، انتظامی ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈکس اور دیگر ہیلتھ پروفیشنلز نے ہر چیلنج کا مل کر مقابلہ کیا، جس پر وہ خراجِ تحسین کے مستحق ہیں انہوں نے زور دیا کہ طبی شعبہ محض پیشہ نہیں بلکہ دکھی انسانیت کی خدمت اور عبادت ہے، لہٰذا نوجوان طبی ماہرین پیشہ ورانہ لگن، مہارت اور جذبہ خدمت کے ساتھ ادارے کی ترقی اور تحقیق کا سفر جاری رکھیں۔









