سینیٹ 9

پاکستان اور مالدیپ کے درمیان پارلیمانی، سفارتی اور معاشی تعاون کے فروغ کے وسیع امکانات ہیں، چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور پارلیمانی، سفارتی اور معاشی تعاون کو نئی جہتیں دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو سے ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات میں چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاع سینیٹر طلحہ محمود، چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے داخلہ سینیٹر فیصل سلیم رحمان، چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور سینیٹر آغا شاہ زیب درانی، سیکرٹری سینیٹ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور مالدیپ 2026ء میں سفارتی تعلقات کے قیام کی 60ویں سالگرہ منا رہے ہیں جو دونوں ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کی اہم علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط باہمی تعاون کے فروغ کے مشترکہ عزم کا مظہر ہیں۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پارلیمانی سفارت کاری دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد اور ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے، پارلیمانی وفود کے تبادلوں، دوستی گروپس اور قائمہ کمیٹیوں کے ذریعے دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ادویہ، ٹیکسٹائل، چاول، سیمنٹ، گوشت، پھلوں اور سبزیوں کی مالدیپ کی منڈیوں تک رسائی بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں، تعلیم، صحت، نوجوانوں کی ترقی اور انسانی وسائل کے شعبوں میں تعاون بھی دونوں ممالک کے لیے سودمند ثابت ہو سکتا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے فضائی اور سمندری رابطوں کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی روابط، ثقافتی تبادلوں اور نوجوانوں کے درمیان میل جول سے دونوں ممالک کی دوستی مزید مستحکم ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اعلیٰ سطح کے مسلسل روابط اور پارلیمانی تعاون پاکستان اور مالدیپ کے دوستانہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے میں معاون ثابت ہوں گے، دونوں ممالک کی مضبوط شراکت داری عوام کی خوشحالی اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

علاقائی اور عالمی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان خطے اور عالمی سطح پر امن کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے تنازعے میں پاکستان کے کردار کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے جبکہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھی پاکستان نے ایک ذمہ دار ملک کا کردار ادا کیا۔مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی، سفارتی اور معاشی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور مالدیپ ان سے بھرپور استفادہ کرے گا۔ صدر مالدیپ نے بین الاقوامی کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کے کردار کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں