لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے جنرل ہسپتال میں زیر علاج تھیلیسیمیا اور خون کی مختلف بیماریوں میں مبتلا بچوں میں عید گفٹس تقسیم کیے۔ اس موقع پر ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین، پروفیسر محمد شاہد، پروفیسر حسن سلیمان ملک،ڈاکٹر عبدالعزیز، ڈاکٹرز، نرسنگ سٹاف اور بچوں کے والدین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا کہ بچے ہمارا قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل ہیں، جن کی صحت اور خوشیوں کا خیال رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان بچوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ عید کی خوشیوں میں شامل کرنے کے لیے تحائف دیے گئے ہیں تاکہ وہ خود کو تنہا محسوس نہ کریں۔
پروفیسر محمد شاہد اور ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے کہا کہ تھیلیسیمیا اور خون کے امراض میں مبتلا بچوں کے علاج کیلئے حکومت پنجاب، بالخصوص وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور اس ضمن میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ میڈیا گفتگو میں پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل کا کہنا تھا کہ جنرل ہسپتال میں تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے خصوصی نگہداشت، بروقت خون کی فراہمی اور جدید طبی سہولیات یقینی بنائی جا رہی ہیں تاکہ ان کی زندگی کو بہتر اور محفوظ بنایا جا سکے۔
تقریب کے دوران بچوں میں عید گفٹس تقسیم کیے گئے جس پر بچوں اور ان کے والدین نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کے اس جذبہ خدمت کو سراہا۔ والدین کا کہنا تھا کہ اس طرح کی تقریبات سے بچوں کے حوصلے بلند ہوتے ہیں اور انہیں بیماری کے باوجود خوشیوں کا احساس ملتا ہے۔ ہسپتال انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مریضوں کی فلاح کے لیے ایسے اقدامات کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔









