ایف بی آر 21

ایف بی آر کو محصولات کی وصولی میں 868 ارب روپے کمی کا سامنا

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) ایف بی آر کے محصولات میں کمی مالی سال 2025-26 کے پہلے گیارہ ماہ (جولائی تا مئی) کے دوران یہ 868 ارب روپے تک پہنچ گئی۔

ایف بی آر نے اب تک 12,095 ارب روپے کے نظرِثانی شدہ ہدف کے مقابلے میں 11,227 ارب روپے جمع کیے ہیں، جس کے نتیجے میں 868 ارب روپے کی کمی سامنے آئی ہے۔

اس کمی کی دو بڑی وجوہات ہیں۔ پہلی، خلیجی جنگ کے باعث معاشی سرگرمیوں میں سست روی، اور دوسری، عید کی طویل تعطیلات جنہوں نے محصولات کی کمی میں مزید اضافہ کیا۔

مئی 2026 میں محصولات کا خسارہ بڑھ کر 184 ارب روپے تک جا پہنچا، مئی 2026 میں ایف بی آر کی عارضی وصولیاں 966 ارب روپے رہیں، جبکہ مقررہ ہدف 1,150 ارب روپے تھا۔

ایف بی آر حکام کو امید ہے کہ حتمی اعداد و شمار مرتب ہونے تک چند ارب روپے مزید وصول ہو سکتے ہیں۔

ایف بی آر کو ایک بہت بڑے چیلنج کا سامنا ہے، کیونکہ نظرِثانی شدہ سالانہ ہدف 13,979 ارب روپے حاصل کرنے کے لیے جون 2026 میں 2,752 ارب روپے جمع کرنا ہوں گے۔

پارلیمنٹ نے گزشتہ بجٹ کے وقت ایف بی آر کے لیے 14,130 ارب روپے کا ہدف منظور کیا تھا، تاہم بعد ازاں آئی ایم ایف نے اسے کم کرکے 13,979 ارب روپے کر دیا، اب ایف بی آر تقریباً 10 کھرب (1 ٹریلین) روپے کی کمی کی طرف بڑھ رہا ہے۔

ایف بی آر کے اعلیٰ حکام کو امید ہے کہ جون 2026 کے اختتام تک محصولات کی وصولیاں 130 کھرب روپے کے قریب پہنچ سکتی ہیں، اگر ادارہ جون کے اختتام تک 13,000 ارب روپے کی وصولیوں کا ہدف حاصل کر لیتا ہے تو اسے ایک کامیابی تصور کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں