لاہور( رپورٹنگ آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی رہنما شہزاد اشرف بھٹی نے وزیراعظم شہباز شریف کے اقوام متحدہ میں خطاب اور عالمی رہنمائوں سے ملاقاتوں پر مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نے عالمی فورم پر پاکستان کے موقف اور عوام کے جذبات کی موثر ترجمانی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی جانب سے امن، مذاکرات اور سفارتی کوششوں پر زور دینا قابل تحسین ہے۔
شہزاد اشرف بھٹی نے کہا کہ موجودہ عالمی اور علاقائی صورتحال میں پاکستان نے اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے دانشمندانہ اور متوازن خارجہ پالیسی اختیار کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سیاسی و معاشی استحکام ناگزیر ہے۔ قومی سطح پر اتحاد و اتفاق اور یکجہتی کو فروغ دے کر ہی پاکستان کو مضبوط اور مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔
تاجر برادری ملک کی ترقی، امن اور معاشی استحکام کے لیے ہر مثبت کوشش کی حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی و سماجی طبقات کو اختلافات سے بالاتر ہو کر ملکی مفاد کو مقدم رکھنا چاہیے۔ شہزاد اشرف بھٹی نے کہا کہ مضبوط معیشت اور متحد قوم ہی عالمی سطح پر پاکستان کا موثرکردار یقینی بنا سکتی ہے۔









