اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال 2026-27 کیلئے بجٹ 290 روپیہ فی ڈالر ریٹ پر بنے گا۔
دستاویز کے مطابق رواں مالی سال 2025-26 کیلئے ڈالر ریٹ 290 روپے کا تخمینہ لگایا تھا، آئندہ مالی سال کیلئے ڈالر ریٹ کو رواں مالی سال کی سطح پر برقرار رکھا گیا ہے، تاہم نظرثانی کرنے کے بعد رواں مالی سال کیلئے حقیقی ریٹ 280 روپے فی ڈالر مقرر کیا گیا ہے۔
ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو برسوں میں ایکسچینج ریٹ کے مطابق روپے کی قدر مستحکم ریکارڈ ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈالر ریٹ تعین کرنے کا مقصد بیرونی امداد، ادائیگیوں اور قرضوں کا تخمینہ روپوں میں لگانا ہے، ڈالر ریٹ آئی ایم ایف کیساتھ طے شدہ شرط کے مطابق مارکیٹ بیسڈ ایکسچینج ریٹ پر ہوگا، تاہم ایکسچینج ریٹ میں مقامی کرنسی مستحکم ہونے کے باعث سرمایہ کاری کا رجحان بڑھے گا۔
وزیر خزانہ کے ذرائع نے کہا ہے کہ رواں سال ترسیلات زر میں اضافہ، بیرونی ادائیگیوں کا دباؤ کم ہونے سے روپے کی قدر مستحکم رہی ہے۔
حکام کے مطابق آئندہ سال ڈالر ریٹ مستحکم رہنے کے باعث درآمدی بل اور افراط زر کنٹرول میں رہے گی، جبکہ دیگر ممالک سے تجارت، بیرونی قرضے، امداد و سرمایہ کاری میں غیرملکی کرنسیوں کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔









