سلیم مانڈی والا

ڈیموں کی تعمیر اگرچہ ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے انتہائی ضروری ہے، سلیم مانڈی والا

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی و ترقی کے چیئرمین سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ ڈیموں کی تعمیر اگرچہ ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے انتہائی ضروری ہے تاہم یہ بات انتہائی اہم ہے کہ ایسے منصوبوں کے اجراء سے قبل ان علاقوں کے عوام کو ترقیاتی عمل میں ساتھ رکھا جائے جہا ں ترقیاتی منصوبوں کا آغاز ہو،ملک کی ترقی کو تیز تر کرنے میں عوام کا کردار مرکزی حیثیت رکھتا ہے اور فیصلہ سازی میں شمولیت کے بغیر منصوبے تنازعات کا شکار ہونے کا خدشہ ہوتاہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ کے چیئرمین سے مومند ڈیم کے متاثرین اور اتمان خیل قبیلے کے عمائدین کے ایک وفد نے ملاقات کی اور اپنی شکایات کو کمیٹی کے چیئرمین کے سامنے بیا ن کیا۔ سینیٹرز بہرہ مند تنگی اور پلوشہ خان بھی ملاقات میں موجود تھے۔ سینیٹر بہرہ مند تنگی نے اتمان خیل قبیلے کے عمائدین کے وفد اور متاثرین کا تعارف کروایا اور کہا کہ خیبر پختونخواہ کے ضلع مومند اور مالاکنڈ میں اتمان خیل سب سے بڑا قبیلہ ہے اور اس قبیلے کے لوگ انتہائی محنتی اور جفاکش ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مومند ڈیم کی تعمیر کے فیصلے سے اگرچہ عوام خوش تھے لیکن علاقے کے عوام اور خصوصا ً اتمان خیل قبیلے کے ساتھ کافی زیادتی ہوئی ہے اور انہیں نہ تو زمینوں کا مناسب معاوضہ دیا گیا ہے اور نہ ہی انہیں نچلے درجے کی ملازمتوں میں مواقع فراہم کئے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر چہ ڈیم ترقی کیلئے لازمی ہیں تاہم علاقے کے لوگوں کا خیال رکھنا بھی فرض بنتا ہے۔ عمائدین علاقہ اور متاثرین نے بتایا کہ لاکھوں لوگوں کی زمینیں اس ڈیم میں زیر آب آئیں گی اور یہ ڈیم 57کلومیٹر پر پھیلا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اتمان خیل قبیلہ کی 95فیصد زمین ڈیم میں آجائے گی جسکا ابھی تک مناسب معاوضہ نہیں ملا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اتمان خیل قبیلے کو انکا جائز حق دیا جائے۔ متاثرین نے کہا کہ وہ قطعاً بھی ڈیم کی مخالفت نہیں کرتے تاہم ہمیں اعتماد میں لئے بغیر ہماری قسمتوں کا فیصلہ کر دیا گیا اور ہمارے ساتھ کوئی معاہدہ بھی نہ ہوا۔ وزارت کے حکام نے بتایا کہ منصوبہ پی ایس ڈی پی کی لسٹ پر ہے اور اس کیلئے مالی سال 2021ـ22میں بھی فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ تاہم کرونا وبائ کے باعث منصوبہ سست روی کا شکار ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے کی تکمیل نومبر 2024میں ہونی ہے۔

کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے ہدایات دیں کہ واپڈا اس پر تفصیلی رپورٹ پیش کرے۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی اس ایک نقطہ پر خصوصی اجلاس جلد ہی طلب کریگی جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز اور متعلقہ وزارتوں سے تفصیلی بریفنگ لی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کسی بھی صورت قابل قبول نہیں کہ متاثرین کو ان کے جائز حق سے محروم رکھا جائے۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ کمیٹی تمام متعلقہ اداروں سے بریفنگ لینے کے بعد مسئلے کے حل کیلئے کوششیں مزید تیز کریگی اور متاثرین کی داد رسی کیلئے ہر ممکن کوششیں کی جائے گی۔