اویس قادر شاہ 12

علامہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں میں آزادی، خود اعتمادی اور اجتماعی شعور کی نئی روح پھونکی،اسپیکرسندھ اسمبلی

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے مفکرِ پاکستان، شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کی برسی کے موقع پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کلامِ اقبال محض شاعری نہیں بلکہ خودی، بیداری، شعور اور عملی جدوجہد کا عظیم پیغام ہے، جو آج بھی قوم کی رہنمائی کر رہا ہے۔

یوم اقبال پراپنے پیغام میں سید اویس قادر شاہ نے کہا کہ علامہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں میں آزادی، خود اعتمادی اور اجتماعی شعور کی نئی روح پھونکی۔ ان کا فلسفہ نوجوان نسل کو اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کو پہچاننے، علم حاصل کرنے اور زندگی میں آگے بڑھنے کی ترغیب دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے اپنے افکار کے ذریعے محروم اور پسے ہوئے طبقات میں امید کی شمع روشن کی اور انہیں عزتِ نفس، انصاف اور ترقی کی جدوجہد کا راستہ دکھایا۔

اقبال کا تصورِ خودی انسان کو اپنے کردار، مقصد اور ذمہ داری کا احساس دلاتا ہے۔اسپیکر سندھ اسمبلی نے کہا کہ قومیں اتحاد، یقینِ محکم اور مسلسل محنت سے ترقی کی منازل طے کرتی ہیں، اور یہی پیغام علامہ اقبال نے اپنی شاعری اور فکر کے ذریعے دیا۔ آج کے دور میں جب معاشرہ مختلف چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، فکرِ اقبال ہمیں مسائل سے نمٹنے اور روشن مستقبل کی جانب بڑھنے کی بہترین رہنمائی فراہم کرتی ہے۔

سید اویس قادر شاہ نے کہا کہ علم، انصاف، جمہوری اقدار اور عوامی بااختیاری ہی ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اقبال کے افکار کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کا حصہ بنائیں تاکہ پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک فلاحی اور مضبوط ریاست بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کی خدمات اور نظریات ہمیشہ زندہ رہیں گے اور آنے والی نسلیں ان سے رہنمائی حاصل کرتی رہیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں