محمد جاوید قصوری 14

وزیر اعظم کوپٹرولیم لیوی ختم کرنا ہوگی، یہ 25 کروڑ عوام کا مسئلہ ہے’ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری کی حلقہ خواتین کے ضلعی نظم کے ساتھ خصوصی نشست میں شرکت کی، 11 اکتوبر کو اوکاڑہ میں ہونے والے جلسہ عام کی تیاریوں اور دستخطی مہم کا جائزہ لیا،اہداف متعین کئے۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر بابر رشید،انجینئر سلمان اظہر شیخ بھی موجود تھے ۔ محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں عوام کے بنیادی حقوق، مہنگائی، بے روزگاری، ظالمانہ ٹیکسوں اور پٹرولیم لیوی کے خاتمے کے لیے جماعت اسلامی کی جدوجہد جاری ہے۔

مفاد پرست حکمرانوں اور خاندانی سیاست کو بے نقاب کرکے ملکی سیاست کا رخ عوام کے حقیقی اور بنیادی مسائل کی طرف موڑنا ہوگا۔ پٹرولیم لیوی کا خاتمہ کسی ایک سیاسی جماعت کا نہیں بلکہ 25 کروڑ عوام کا مسئلہ ہے، حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے فوری اور عملی اقدامات کرے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو پٹرولیم لیوی ختم کرنا ہوگی کیونکہ مہنگائی کے موجودہ حالات میں پٹرولیم مصنوعات پر اضافی بوجھ براہ راست عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ کر رہا ہے۔ جماعت اسلامی طویل عرصے سے پٹرولیم لیوی، مہنگائی، بجلی کے بھاری بلوں، ظالمانہ ٹیکسوں اور آئی پی پیز کے معاہدوں کے خلاف عوامی آواز بلند کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب عوام کو ریلیف دینے کی بات آتی ہے تو حکمرانوں کو آئی ایم ایف سے مشاورت یاد آ جاتی ہے، لیکن اپنی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے، سرکاری اخراجات اور مہنگی گاڑیوں و دیگر سہولیات پر فیصلے کرتے وقت عوامی مشکلات اور مالی دباؤ کو نظر انداز کردیا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر قومی خزانے پر بوجھ کم کرنے کی بات ہے تو سب سے پہلے حکمران طبقے کو اپنی مراعات اور غیر ضروری اخراجات میں کمی کرنی چاہیے۔ اربوں روپے کے سرکاری اخراجات اور مہنگی گاڑیوں کی خریداری کے فیصلوں کے وقت آئی ایم ایف کی مشاورت یاد نہیں آتی، لیکن غریب اور متوسط طبقے کو ریلیف دینے کی بات ہو تو عالمی مالیاتی اداروں کا حوالہ دیا جاتا ہے۔ عوام کو مشورے نہیں بلکہ عملی ریلیف چاہیے اور حکومت وقت کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ 25 کروڑ پاکستانیوں کے لیے آسانیاں پیدا کرے۔امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی نے کہا کہ عوام مہنگائی، بے روزگاری، معاشی مشکلات اور بنیادی ضروریات زندگی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے شدید متاثر ہیں۔

ایسے حالات میں حکومت کو عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے۔ جماعت اسلامی کی جدوجہد کا مقصد عوام کے مسائل کو قومی سیاست کا مرکزی موضوع بنانا ہے۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ 11 اکتوبر کو امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن اوکاڑہ میں ایک شاندار اور تاریخی جلسہ عام سے خطاب کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو عوامی مطالبات پر سنجیدگی اختیار کرنا ہوگی اور ایسے فیصلے کرنا ہوں گے جن سے عام آدمی کو عملی ریلیف مل سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں