اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے چین کے 77ویں قومی دن پر چینی قیادت، نیشنل پیپلز کانگریس اور عوام کو قومی دن کی مبارکباد دی ہے ۔
جمعرات کو اپنے ایک تہنیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ چینی عوام کی ثابت قدمی، اتحاد اور ناقابلِ تسخیر جذبے کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں،چینی صدر شی جن پنگ کی قیادت میں چین کی ترقی دنیا کیلئے مثال ہے،پاک ۔چین دوستی باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہے۔پاک چین دوستی ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہو رہی ہے۔دونوں دوست ممالک کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری خطے کے امن، ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔
چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)پاک چین معاشی تعاون کا اہم منصوبہ ہے۔سی پیک پاکستان اور چین کے درمیان معاشی و تجارتی روابط کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔پاک چین تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہیں۔پاکستان کو چین کے ساتھ اپنی مثالی دوستی پر فخر ہے۔
دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی رابطوں کا فروغ دوستی کے رشتے کو نئی جہتیں دینے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔قومی اسمبلی آف پاکستان نیشنل پیپلز کانگریس چین کے درمیان پارلیمانی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پر عزم ہے۔پاک چین دوستی دونوں ممالک کے عوام کے درمیان مضبوط عوامی روابط کی مظہر ہے۔








