محمد اورنگزیب 10

جی ایس پی پلس سہولت یورپی یونین کے معاشی تعلقات کا ایک اہم ستون ہے، وزیر خزانہ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ جی ایس پی پلس سہولت پاکستان اور یورپی یونین کے معاشی تعلقات کا ایک اہم ستون ہے، کلی معیشت مستحکم ہے،بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹوں کے ساتھ دوبارہ روابط کے آغاز سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے،حکومت منظم اور مستقبل بین اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈے پرعمل پیراہے۔

وہ منگل کوپاکستان میں یورپی یونین کے سفیر ریمونڈاس کاروبلس سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے۔وزیرخزانہ نے بتایا کہ پاکستان نے حال ہی میں چار سال کے وقفے کے بعد یورو بانڈ کے ذریعے عالمی کیپٹل مارکیٹوں میں دوبارہ قدم رکھا ہے جس میں سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی دیکھنے میں آئی اور اس اجرا ء کا حجم بھی بڑھایا گیا ،یہ پیش رفت معیشت کی بہتر ہوتی بنیادوں کی عکاس ہے اوریہ پاکستان کے عالمی مالیاتی نظام میں مثبت پیش رفت کی علامت ہے۔

سینیٹر اورنگزیب نے بتایا کہ حکومت ایک متنوع کیپٹل مارکیٹ حکمت عملی پر عمل پیرا ہے جس میں آئندہ بین الاقوامی بانڈ اجرا اور جدید مالیاتی ذرائع شامل ہیں تاکہ بیرونی مالیاتی سہارا مضبوط کیا جا سکے اور پائیدار مالی وسائل کو یقینی بنایا جا سکے۔ملاقات میں یورپی یونین کے سفیر نے وزیرِ خزانہ کو 28 اپریل 2026 کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والے اعلیٰ سطح کے یورپی یونین پاکستان بزنس فورم میں شرکت کی دعوت دی جسے وزیر نے قبول کر لیا۔وزیرخزانہ اس موقع پر افتتاحی اجلاس میں ”ابھرتا ہوا پاکستان: مراعات وترغیبات، اصلاحات اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع” کے موضوع پر کلیدی خطاب بھی کریں گے۔

وزیرِ خزانہ نے یورپی یونین کی جانب سے بین الاقوامی اور مقامی کاروباری شخصیات کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات پاکستان کے بہتر ہوتے کاروباری ماحول اور سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ کاروباری روابط کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ وزیر خزانہ نے حکومت کی جانب سے کلی معیشت کے استحکام برقرار رکھنے، زرمبادلہ کے ذخائر کو مضبوط بنانے اورڈھانچہ جاتی اصلاحات کے ذریعے پائیدار اور جامع ترقی کے فروغ کی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔

انہوں نے دوطرفہ شراکت داروں کے مسلسل تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشی استحکام کے لیے بین الاقوامی اشتراک نہایت اہم ہے۔وزیرِ خزانہ نے پاکستان کے بیرونی شعبے کے حوالے سے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مسابقت بڑھانے، سرمایہ کاری کے بہائو کو فروغ دینے اور تجارتی مواقع کو وسعت دینے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔

اس تناظر میں انہوں نے جی ایس پی پلس فریم ورک کے تحت پیش رفت جاری رہنے کی امید بھی ظاہر کی اور اسے پاکستان اور یورپی یونین کے معاشی تعلقات کا ایک اہم ستون قرار دیا ،فریقین نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری تعاون کے فروغ کے عزم کااعادہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں