مرتضی وہاب 11

جب کام کرنے لگتے ہیں تو دباو آنے لگتا ہے، میئر کراچی

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کی تمام 260 یوسیز کو اسٹریٹ لائٹس فراہم کر دی گئی ہیں، جبکہ شہر کے گلی محلوں کے مسائل حل کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بجٹ میں شہر کی ہر یوسی کے لیے اسٹریٹ لائٹس کی منظوری دی گئی تھی، کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات بھی آن لائن فراہم کی جائیں گی تاکہ شہریوں کو منصوبوں سے متعلق معلومات دستیاب ہوں۔میئر کراچی نے بتایا کہ شہر کے خراب فائر ٹینڈرز کو بھی جلد فعال کردیا جائے گا۔مرتضیٰ وہاب کے مطابق چینی قونصل خانہ کراچی میں فیومیگیشن کے عمل کے لیے تعاون کر رہا ہے، جبکہ شہر کے 25 ٹاؤنز میں فیومیگیشن مشینیں بھی فراہم کر دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے گلی محلوں کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں اور بہت سے لوگ شہر کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں، تاہم جب کام شروع کیا جاتا ہے تو مختلف نوعیت کا دباؤ آنا شروع ہو جاتا ہے، جس کی نشاندہی ضروری ہے۔

جماعت اسلامی کے دھرنے کے حوالے سے میئر کراچی نے کہا کہ میں نے اب تک جماعتِ اسلامی کے دھرنے پر کوئی اعتراض نہیں کیا، تاہم احتجاج کے باعث کراچی کے شہری پریشان ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ احتجاج کے لیے ایک مخصوص جگہ ہونی چاہیے تاکہ شہریوں کو تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ جماعتِ اسلامی پولو گراؤنڈ میں احتجاج کر سکتی ہے، لیکن احتجاج کے دوران شہریوں کے لیے مشکلات پیدا نہیں ہونی چاہئیں۔میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اکاؤنٹ میں موجود رقم عوام کی امانت ہے اور شہر کی بہتری کے لیے سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں