مراد علی شاہ 11

وزیراعلیٰ سندھ کا خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشنز پر پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 49 دہشتگردوں اور خوارج کو جہنم واصل کرنا سیکیورٹی فورسز کی بہادری، پیشہ ورانہ صلاحیت اور عزم کا واضح ثبوت ہے۔

اپنے بیان میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاک فوج کے بہادر جوانوں نے ایک بار پھر وطن کے دفاع اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر جرات و بہادری کا مظاہرہ کیا، جس پر پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں چلنے والے دہشتگردی کے نیٹ ورک کا خاتمہ سیکیورٹی اداروں کی بڑی کامیابی ہے۔

دشمن عناصر پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کے مذموم عزائم رکھتے ہیں، تاہم سیکیورٹی فورسز نے ان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ہمیشہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے ارضِ پاک کا دفاع کیا ہے۔ قوم اپنے شہدائاور غازیوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری سندھ حکومت اور صوبے کے عوام پاک فوج اور سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ پاکستان کے عوام اپنی بہادر افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ متحد ہیں۔سید مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ بھارتی سرپرستی میں پاکستان کا امن تباہ کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔

ملک دشمن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور امن کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کامیاب آپریشنز میں حصہ لینے والے سیکیورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے ان کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں