اعداد و شمار 45

ایران کیخلاف جنگ: عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ

واشنگٹن (رپورٹنگ آن لائن) ایران کے خلاف جاری جنگ سے پیدا غیر یقینی صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ دیکھا گیا ہے جس نے وال سٹریٹ کی ریکارڈ تیزی کو بھی روک دیا ہے۔

عالمی میڈیا کے مطابق جون میں ترسیل کے لئے برینٹ خام تیل کی قیمت 2.7 فیصد بڑھ کر 111.18 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، اسی طرح جولائی میں ترسیل کے لئے برینٹ کی قیمت 2.6 فیصد اضافے کے ساتھ 104.33 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔

فروری کے آخر میں برینٹ خام تیل کی قیمت 70 ڈالر فی بیرل تھی تاہم اب یہ اس بلند ترین سطح کے قریب پہنچ رہی ہے جو جنگ کے خدشات کے عروج کے دوران 119 ڈالر فی بیرل تک ریکارڈ کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ امریکی انتظامیہ کے ایران کی اس تجویز کو قبول کرنے کے امکانات کم دکھائی دیتے ہیں جس میں آبنائے ہرمز کی دوبارہ بحالی کی بات کی گئی بشرطیکہ امریکا پابندیاں ختم کرے، ایران نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ اس کے جوہری پروگرام پر بات چیت کو مؤخر کیا جائے۔

امریکی آٹو موبائل ایسوسی ایشن کے مطابق امریکا میں پٹرول کی اوسط قیمت 4.18 ڈالر فی گیلن تک پہنچ گئی جو 2022ء کے بعد کی بلند ترین سطح ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں