لاہور (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی ملک سیف الملوک کھوکھر نے ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائیاں عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی صریح خلاف ورزی ہیں،عالمی برادری فوری نوٹس لے ۔
انہوں نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ امریکہ اور اسرائیل مل کر عالم اسلام کے خلاف متحد ہو چکے ہیں اور مسلمانوں کی نسل کشی کر رہے ہیں ۔ ایران کی جانب سے اسرائیل پر جوابی واردفاعی حق ہے ، پوری پاکستانی قوم ایران کے ساتھ کھڑی ہے ۔پاکستان کی وزارت خارجہ نے بروقت اور ذمہ دارانہ موقف اختیار کر کے ایک باوقار ریاست کا کردار ادا کیا ہے، جو لائقِ تحسین ہے۔
ملک سیف الملوک کھوکھر نے مسلم امہ پر زور دیا کہ وہ متحد ہو کر مظلوم اقوام کے ساتھ کھڑی ہو، کیونکہ خاموشی اب جرم کے مترادف ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے مسلم بھائی کے ساتھ کھڑا ہے اسرائیل ایک ریاستی دہشت گرد ہے ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔امت مسلمہ کو اتحاد کی ضرورت ہے،عالمی برادری اور اقوام متحدہ غزہ جنگ بندی میں،اپنی ناکامی کا اعتراف کرے، مسلم ممالک مذمت سے آگے بڑھیں۔